بھٹکل ،23 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے ماروکیری علاقے میں کچھ لوگوں پر شہد کی مکھیوں نے اچانک حملہ کر دیا جس کی وجہ سے اسکولی طلبہ سمیت دس سے زائد افرد زخمی ہوگئے اور انہیں علاج کے لئے اسپتال لے جانے کی نوبت آئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ جب طلبہ اور عام لوگ سڑک پر گزر رہے تھے تو شہد کی مکھیوں نے ان پر حملہ کر دیا ۔ جب یہ لوگ اپنے بچاو کے لئے بھاگنے لگے تو مکھیوں نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان پر اپنے ڈنک مارے ۔ زخمیوں کو فوراً سرکاری اسپتال لے جا کر انہیں مناسب علاج فراہم کیا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایک دن پہلے بھی اسی جگہ دو خواتین پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کیا تھا جن کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ کچھ مویشیوں پر بھی مکھیوں کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ شہد کی مکھیوں کے اچانک حملہ سے خوف زدہ لوگوں نے اس علاقے میں تھوڑی دیر کے لئے دکانوں اور مکانوں کے دروازے کھڑکیاں بند کرکے مکھیوں سے بچنے کی تدبیر اختیار کی ۔