ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : بالٹیوں کی فراہمی میں گھپلہ - شیرالی پنچایت پی ڈی او کی ہیرا پھیری ہوئی ثابت

بھٹکل : بالٹیوں کی فراہمی میں گھپلہ - شیرالی پنچایت پی ڈی او کی ہیرا پھیری ہوئی ثابت

Sun, 05 Mar 2023 12:46:35    S.O. News Service

بھٹکل ،5 / مارچ (ایس او نیوز) ضلع پنچایت سی ای او ایشور کھنڈو نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شیرالی گرام پنچایت پی ای ڈی او کے ذریعے بالٹیوں (بکیٹس) کی فراہمی کے معاملہ میں ہیرا پھیری کرتے ہوئے اصل قیمت سے زیادہ رقم وصول کرنے کی بات تحقیقات کے ذریعہ ثابت ہوگئی ہے ۔ 
    
سی ای او نے بتایا کہ متعلقہ پی ڈی او کی گزشتہ 13 سالہ سروس کے دوران اس طرح کا یہ پہلا معاملہ ہے اس لئے سرکاری قانون کے مطابق ہیرا پھیری کے ذریعے جو زائد رقم پی ڈی او نے وصول کی تھی وہ رقم واپس حاصل کی گئی ہے اور صرف نوٹس جاری کرتے ہوئے تنبیہ کی گئی ہے کہ آئندہ اس طرح کا معاملہ سامنے آنے پر اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ 
    
جب اخباری نمائندوں نے پوچھا کہ کیا ضلع کے دوسرے مقامات پر بھی خریداری میں اس طرح کی ہیرا پھیری ہونے کے امکانات ہیں تو سی ای او نے بتایا کہ دوسرے مقامات پر بھی بکیٹ سپلائی جیسے خریداری کے دوسرے معاملات کی بھی جانچ کرنے اور قیمتوں میں کوئی شبہ پیدا ہونے کی صورت میں تحقیقات کروانے کی ہدایت افسران کو دی گئی ہے ۔ 
    
مرڈیشور ساحل کنارے پر زیادہ دکانیں لگانے کے تعلق سے سی ای او نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے یہاں مزید دکانیں لگانے کی اجازت طلب کرتے ہوئے میمورنڈم دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنر سے  بات چیت کی جائے گی اور پھر مشترکہ طور پر یہاں دورہ کرکے مسئلہ حل کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ساحل پر صفائی ستھرائی کے سلسلے میں توجہ دی جائے گی ۔ 
    
سی ای او نے بتایا کہ ضلع کے ہر تعلقہ میں ایک ماڈل لائبریری اور ایک فوڈ پروڈکشن سینٹر قائم کیا جائے گا ۔ کاروار کے ماجالی اور شیرواڈ میں ماڈل لائبریری اور فوڈ پروڈکشن سینٹر قائم کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں ۔  ہر تعلقہ میں اس سینٹر کے تحت وہاں کے اہم سینٹر یا آنگن واڈی اسکولوں کو سپلائی کرنے لائق غذائی اشیاء تیار کی جائیں گی ۔ اس کی وجہ سے مقامی خواتین کو روزگار ملے گا اور مقامی طور پر غذائی اشیاء تیار کرکے اسی مقام پر سپلائی کرنے کا سلسلہ چل پڑے گا ۔


Share: