بھٹکل 18نومبر (ایس او نیوز) اگلے سال ہونے والے کرناٹک کے اسمبلی انتخابات کے لئے بھٹکل۔ہوناور اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے سات لیڈران نے ہائی کمان کو عرضیاں دیتے ہوئے ٹکٹ دینے کی درخواست کی ہے۔ اب اِن آٹھ لیڈران میں سے کانگریس کی ٹکٹ کس کو ملتی ہے، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سابق رکن اسمبلی منکال وئیڈیا، سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، سابق ریاستی وزیر آر این نائک، سابق ضلع پنچایت رکن دیپک نائک، بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک، کائیکنی گرام پنچایت نائب صدر شریدھر نائک اور ہوناور۔ماون کوروے کے آئیپّا نائک نے اُمیدواری کا فارم بھر کر ٹکٹ دینے کی درخواست کی ہے۔

اس بات کی بھی اطلاع ملی ہے کہ قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سابق صدر ایڈوکیٹ مزمل قاضیا نے بھی کانگریس ٹکٹ حاصل کرنے کا فارم لیا ہے، البتہ فارم پُر کرکے جمع نہیں کرایا ہے۔ اگر مزمل صاحب بھی فارم بھر کر جمع کراتے ہیں تو بھٹکل ۔ ہوناور اسمبلی حلقہ سے کانگریس کا ٹکٹ حاصل کرنے والوں کی تعداد آٹھ ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ کانگریس کی ٹکٹ کے لئے عرضیاں دینے والوں میں تین وکیل ہیں، اگر مزمل صاحب بھی فارم بھر کر ٹکٹ کے لئے درخواست دیتے ہیں تو ٹکٹ کے خواہمشندوں میں وکلاء کی تعداد بڑھ کر چار ہوجائے گی۔ اب ہائی کمانڈ کانگریس کی ٹکٹ کس کو دے گی اور کس بنیاد پر دے گی، یہ دیکھنا اہم ہوگا۔