بھٹکل 12 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میں کل 13 فروری سے آن لائن کے ذریعے رکشہ بُکنگ Oyi Cabs سروس کی شروعات ہورہی ہے جس کے ذریعے صرف انگلیوں کو جنبش دینے کی ضرورت ہوگی اور رکشہ آپ کے قدموں کے پاس دوڑا چلے آئے گا۔
Oyi Cabs کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے ڈائرکٹر جناب عُبیداللہ عسکری نے بتایا کہ اس سروس سے زیادہ تر گھر کی خواتین کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا، اُنہیں سب سے پہلے Oyi Cabs کا ایک اپلیکشن اپنے موبائل پر ڈائون لوڈ کرنا ہوگا،( ڈائون لوڈ کرنے کےلئے کلک کریں) پھر گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے آٹو رکشہ بُک کرسکیں گے۔ ایپ میں موجود میٹر کے مطابق بالکل مناسب کرایہ پر یہ سروس فراہم کی جارہی ہے، اس سے نہ آٹو کے انتظاری کی جھنجٹ ہوگی اور نہ ہی آٹو ڈرائیوروں سے کرایہ کے لئے بحث ہوگی۔ Oyi cabs کے اپلیکشن میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لئے کتنا کرایہ لگے گا، سب کچھ معلوم کیا جاسکتا ہے۔ جناب عُبیداللہ عسکری کے مطابق تحفظ کے پیش نظر ایسا نظام بنایا گیا ہے کہ ایک بار App ڈائون لوڈ کرنے کے بعد اگر کوئی شخص یا خاتون رکشہ کی بُکنگ کرے گی تو اُس کا نمبر رکشہ ڈرائیور کو معلوم نہیں ہوگا، البتہ Oyi Cabs کے دفتر میں موجود کمپوٹر پر نمبرمحفوظ ہوگا۔
ڈائرکٹرس فواز قاضیا اور معزز کولا نے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ Oyi Cabs کے ذریعے سفر نہایت محفوظ رہے گا، آٹوجدھر سے بھی گذرے گا، کمپوٹر پر لوکیشن آٹو میٹک محفوظ ہوتا رہے گا، مسافر خود بھی اس ایپ کے ذریعے اپنا لوکیشن ٹریک کرسکیں گے اور مسافروں کی حفاظت کے لئے کمپنی بھی ہر وقت آٹو کا لوکیشن ٹریک کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ایپ میں موجود ایمرجنسی بٹن دباتے ہی کمپنی کے نمائندے فوری حرکت میں آجائیں گے اور مسافر سے راست رابطہ کرتے ہوئےجو بھی مسئلہ ہوگا، حل کرنے تیار رہیں گے۔ فی الحال سات کلومیٹرکی حدود تک ہی یہ سروس فراہم کی گئی ہے، مگر بہت جلد اس سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ اس بات کا بھی خیال رکھا گیا ہے کہ آٹو چار سو میٹر کے فاصلے کے اندر ہوگا تو مسافر کے پاس پہنچنے کا کرایہ فری ہوگا، اسی طرح راتوں کے اوقات میں کرایہ الگ رہے گا، ساتھ ساتھ اگر کوئی مسافر رکشہ کی بُکنگ کرتا ہے، مگر بعد میں کسی وجہ سے کینسل کردیتا ہے تو اُس پر دس روپئے فیس دینا ہوگا، جو اگلی بُکنگ کے موقع پر رکشہ کے کرائے کے ساتھ جوڑ دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بھٹکل آٹور کشہ یونین اس تعلق سے مکمل تعائون کررہا ہے اور اسوسی ایشن کے تین سو سے زائد آٹور کشہ کی خدمات Oyi Cabs کےلئے حاصل کی گئی ہے۔
ان کے مطابق مینگلوراور گوا ائرپورٹ جانے یا اُدھر سے بھٹکل آنے کے لئے خصوصی ٹیکسی سروس بھی فراہم کی گئی ہے، اس سے ایک فائدہ یہ ہوگا کہ اگر کوئی گلف کا مسافر مینگلور یا گوا ائرپورٹ اُترتا ہے اور اُترتے ہی Oyi cabs سے رابطہ کرتا ہے تو اُس وقت کسی مسافر کو ائرپورٹ چھوڑنے کی صورت میں وہاں پر موجود ٹیکسی سے واپس آسکتے ہیں، اُس پرکرایہ بھی نصف ہوگا۔ اسی طرح ائرپورٹ جانے کے لئے بھی ٹیکسی کی شیرنگ ممکن ہوگی۔
Oyi Cabs ایپ کے ذریعے آٹو رکشہ کی بُکنگ کے ساتھ ساتھ مسافر ٹول فری نمبر کے ذریعے بھی اس سروس کا فائدہ اُٹھاسکتا ہے، جس کے لئے ٹال فری نمبر0055 1200 1800 پر رابطہ کیاجاسکتا ہے۔ گلف سے کال کرنے کے لئے 03 222 42 888 91+ پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔