بھٹکل 4 جون (ایس او نیوز) بھٹکل ساگر روڈ پر واقع پولس کوارٹرس کے ایک گھر پر ڈکیتی کی ایک چونکا دینے والی واردات پیش آئی ہے جس میں دو لُٹیروں نے ایک پولس والے کے گھر پر ہی گھس کر چاقو کی نوک پر سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگئے ہیں۔ واردات جمعہ کی دیر شب کو پیش آئی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پولس کانسٹیبل سنگمیش کی بیوی نے رات قریب 10:30 بجے اپنے شوہر کو فون کرکے خبر دی کہ باہر کتے بھونک رہے ہیں، لیکن کانسٹیبل سنگمیش جو رات کی ڈیوٹی پر مضافاتی پولس تھانہ میں تھے، اپنی بیوی کو بتایا کہ کتے ہمیشہ بھونکتے رہتے ہیں یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے، بیوی نے بتایا کہ رات ساڑھے بارہ بجے گھر پر کسی نے دستک دی۔ بیوی نے یہ سوچ کر کہ شوہر آیا ہوگا، گھر کا دروازہ کھول دیا، دیکھا تو دو لوگ جنہوں نے اپنے چہرے کو کپڑے سے ڈھانک رکھا تھا، چاقو دکھاتے ہوئے گھر کے اندر داخل ہوئے اور سیدھے الماری کے پاس جاکر الماری کھولی اور سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ سونے کے زیورات جس میں منگل سوترا، کان کی بالیاں اور سونے کی انگوٹھی وغیرہ لے کر لُٹیرے فرار ہوگئے۔ قریب ڈھائی لاکھ سے تین لاکھ مالیت کے زیورات چوری ہوئے ہیں۔
چوری کی اطلاع ملتے ہی کاروار سے فنگر پرنٹس کے ماہرین سمیت ڈاگ اسکواڈ بھٹکل پہنچا اور کانسٹیبل کے مکان پر پہنچ کر ضروری چھان بین کی۔ بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔