بھٹکل 4/ مئی (ایس او نیوز) بے قابو کار آٹو رکشہ سے ٹکر انے کے نتیجے میں آٹو پر سوار گیارہ سالہ معصوم لڑکا راہی جنت ہوگیا، جس کی شناخت جُہیم ابن جمیل ملپا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ جالی روڈ پر جمعرات ، دوپہر قریب ساڑھے تین بجے پیش آیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ کار کا ٹائر پنکچر ہونے کے نتیجے میں کار بے قابو ہوگئی، اور مخالف سمت سے آنے والے آٹو سے ٹکرا گئی ، حادثے میں آٹو رکشہ ڈرائیور کو معمولی چوٹ لگی، البتہ آٹو پر سوار لڑکا شدید زخمی ہوگیا، اسے پہلے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے مینگلور لے جایا جارہا تھا کہ اسپتال پہنچنے پر لڑکا خالق حقیقی کے بلاوے پر لبیک کہہ گیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
بتایا گیا ہے کہ بھٹکل نوائط کالونی مکتب جامعہ کا طالب علم جُہیم اپنی بڑی بہن کے ساتھ آٹو پر سوار آزاد نگر مسجد شافعی کے قریب واقع اپنے والد کے مکان سے اپنی ماں کے گھر صدیق اسٹریٹ جارہا تھا، جالی روڈ پر آزاد نگر چھٹے کراس کے قریب حادثہ پیش آیا۔