ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بی جے پی کے اندرونی اختلافات عروج پر - سنیل نائک کو ٹکٹ دیا گیا تو کی جائے گی دوسرے امیدوار کی حمایت - بی جے پی کارکنان کا اعلان 

بھٹکل میں بی جے پی کے اندرونی اختلافات عروج پر - سنیل نائک کو ٹکٹ دیا گیا تو کی جائے گی دوسرے امیدوار کی حمایت - بی جے پی کارکنان کا اعلان 

Mon, 20 Mar 2023 12:33:04    S.O. News Service

بھٹکل ،20 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل بی جے پی کارکنان کے ایک گروپ نے شنکر نائک کی قیادت میں کاروار پہنچ کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بی جے پی کے اصولوں پر قائم نہ رہنے اور پارٹی کے بنیادی کارکنان کو اہمیت نہ دینے والے ایم ایل اے سنیل نائک کو اگر اس مرتبہ انتخاب میں دوبارہ ٹکٹ دیا گیا تو پھر بی جے پی کارکنان کسی اور امیدوار کی حمایت کرتے ہوئے اس کے حق میں ووٹ ڈالیں گے ۔ 
    
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شنکر نائک نے کہا کہ سنیل نائک کے خلاف آواز اٹھانے اور ان کی غلطیوں کی نشاندہی کرنے والے بی جے پی کے اصلی کارکنان کو سوشیل میڈیا میں نشانہ بنا کر ان کے حوصلے پست کرنے کا کام کیا جاتا ہے ۔ کارکنان کے احوال سے بے خبر رہنے اور دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کو زیادہ اہمیت دینے والے سنیل نائک کو انتخاب میں مقابلہ کرنے کا اگر موقع فراہم کیا جاتا ہے تو پھر ہمارے لئے اپنی پارٹی کے خلاف کام  کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔
    
شنکر نےکہا کہ اقتدار کی آس میں دوسری پارٹی سے نکل کر آنے والے سنیل نائک کو ابھی تک بی جے پی کے اصول ہی سمجھ میں نہیں آئے ۔ بی جے پی کے اصلی کارکنان کے احوال انہیں پتہ نہیں ہے۔ وہ ایک ایم ایل اے کے مقام پر رہنے کے قابل شخص نہیں ہے۔ وہ تو بی جے پی کا رکن ہونے کےقابل بھی نہیں ہے۔ 
    
شنکر نائک نے کہا کہ تنظیم کے لیڈروں کے ساتھ گوشت خوری کرنے کی سنیل نائک کی تصاویر وائرل ہوگئی ہیں۔  تنظیم کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں سنیل نائک کو وضاحت کرنی چاہیے ۔ شنکر نے سنیل نائک پر الزام لگایا کہ سی ٹی روی کی امیج خراب کرنے کے برے مقصد سے ہی سنیل نائک نے تنظیم سے سپاری لے کر انہیں گوشت والا کھانا کھلانے کے بعد مندر میں لے جایا گیا تھا۔ سنیل نائک نے جان بوجھ کر سی ٹی روی کو حلال گوشت والا کھانا کھلایا تھا۔
    
شنکر نائک نے یہ بھی الزام لگایا کہ سنیل نائک ہم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ ہمیں اپنی جان کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ اگر ہمارے ساتھ  کچھ برا ہوتا ہے تو پھر اس کے لئے ایم ایل اے سنیل نائک ہی ذمہ دار ہونگے ۔ 
    
پریس کانفرنس میں شنکر نائک ہوناور، ناگیش نائک، کرشنا نائک بلسے، ونود گوڈا وغیرہ موجود تھے ۔ 


Share: