بھٹکل 16 مارچ (ایس او نیوز) تعلقہ کے ہیبلے میں 33 کے وی گیِریڈ میں ایک ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے جو لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی، اس کی وجہ سے بھٹکل تعلقہ میں نل کے ذریعے گھر گھر پانی سپلائی کا کام بند ہوگیا ، نل کا پانی بند ہوجانے سے میونسپل حدود کے کئی علاقوں بالخصوص غوثیہ اسٹریٹ، علوہ اسٹریٹ، مین روڈ ، مخدوم کالونی ، گلمی وغیرہ علاقوں میں عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کیونکہ شہر کے پرانے محلوں میں ڈرینیج کا پانی لکیج ہوکر کنووں میں داخل ہوجانے سے کنویں خراب ہوگئے ہیں ، جس کی وجہ سے اکثر لوگ میونسپالٹی کے ذریعے سپلائی کئے جانے والے نل کے پانی پر ہی منحصر ہیں۔
عوام کی طرف سے شکایتیں موصول ہونے کے بعد بدھ کو غوثیہ اسٹریٹ، علوہ اسٹریٹ ، مین روڈ، مخدوم کالونی اور گلمی وغیرہ علاقوں میں میونسپالٹی کی طرف سے ٹینک اور ٹینکر کا پانی پہنچایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے نیا ٹرانسفارمر نصب کئے جانے تک مرڈیشور سے بجلی کی سپلائی جاری رکھی گئی ہے لیکن وولٹیج کم ہونے کی وجہ سے شہر کا واٹر سپلائی پمپ کام نہیں کررہا ہے۔ مکینوں نے جب شکایت کی کہ اُن کے گھروں میں چار دنوں سے پانی نہیں آرہا ہے تو بالاخر بدھ کو میونسپالٹی کی طرف سے ٹینکرکی مدد سے مخدوم کالونی اور گلمی کے آشریہ کالونی میں پانی سپلائی کیا گیا۔ اسی طرح پرانے محلوں میں ٹینک کے ذریعے پانی سپلائی کیا گیا۔
بھٹکل میونسپل چیف آفسر ایم کے سریش نے بتایا کہ کڈوین کٹہ ڈیم سے پانی کو پمپ کرنے کے لئے 400 کے وی بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن ہیبلے کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد چار دنوں سے 380 کلو وولٹیج بجلی ہی فراہم ہورہی ہے جس کی وجہ سے پانی سپلائی متاثر ہوا ہے۔
چیف آفسر سریش نے بتایا کہ بدھ کی طرح جمعرات کو بھی میونسپالٹی کی طرف سے ٹینکر کی مدد سے پانی سپلائی کیا جارہا ہے، پتہ چلا ہے کہ میونسپالٹی کے ساتھ ساتھ آئی آر بی کمپنی کی طرف سے بھی پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ ساتھ ساتھ بعض سماجی کارکن بھی اپنے طور پر پینے کا صاف پانی سپلائی کررہے ہیں ۔
بتاتے چلیں کہ پانچ میگا وولٹ کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد ویسے تو نیا ٹرانسفارمر ہوسپیٹ سے بھٹکل پہنچ چکا ہے، اس کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے، ہیسکام اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے بتایا کہ فائنل ٹیسٹنگ کے بعد اس ٹرانسفارمر سے آج جمعرات دوپہر تک بجلی سپلائی جاری کی جائے گی۔