بھٹکل 23/ اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع اتر کنڑا کے مختلف مقامات پر گائے اور بیلوں میں جلدی گلٹھیوں والی بیماری 'لمپی اسکِن ڈیسیز' کے معاملات میں اضافہ کی خبروں کے درمیان بھٹکل میں بھی ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی ہے جس میں ایک بیل کو اس بیماری میں مبتلا دیکھا گیا ہے ۔
سنیچر کے دن ریکارڈ کی گئی کلپ میں 'لمپی اسکِن ڈیسیز' میں مبتلا یہ بیل بھٹکل سنڈے مارکیٹ کے قریب گھومتا پھرتا دکھائی دیا جس کے بعد عوام کے اندر دودھ اور گوشت کے استعمال کے بارے میں تشویش پھیل گئی اور 'سوشیل میڈیا کے حکیموں' کی طرف سے مختلف مشورے اور تبصرے سامنے آنے لگے۔
دوسری طرف وائرولوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مرض جانوروں سے انسانوں میں نہیں پھیلتا اس لئے دودھ یا گوشت کے استعمال سے کسی انسان کو یہ مرض لاحق نہیں ہوگا ۔ بھٹکل ویٹرنری ہاسپٹل کے ڈاکٹر ششی کمار نے بھی واضح کیا ہے کہ ددھ کو گرم کرکے پینے سے مرض لگنے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا البتہ مزید مویشیوں میں اس مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ٹیکہ کاری ضروری ہے، اس لئے مرض کی علامات نظر آنے پر مویشیوں کے ہاسپٹل سے رابطہ کیا جائے ۔