بھٹکل 14 نومبر(ایس او نیوز) پندرہ سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی جبکہ ساتھی خاتون شدید زخمی ہوگئی جب سڑک کراس کرنے کے دوران ایک تیز رفتار کار ان دونوں سے ٹکراگئی۔ لڑکی کی شناخت عائشہ نزاع بنت الیاس کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ اتوار رات قریب ساڑھے نو بجے پیش آیا۔
پتہ چلا ہے کہ لڑکی اپنی ماں نسیمہ اورماں کی دو سہلیوں اوران کے بھائی کے ساتھ شمس الدین سرکل سے اپنے گھر ساگر روڈ جانے کے لئے روڈ کراس کررہی تھی کہ ہوناور کی طرف رواں دواں ایک تیز رفتار کارعائشہ نزاع اور ایک خاتون سے ٹکرا کر فراٹے بھرتی ہوئی فرار ہوگئی۔ کار کی ٹکر لگتے ہی خاتون جس کی شناخت قمرالنساء (40) سڑک کے ایک طرف گری تو لڑکی عائشہ دوسری طرف جا گری، جس کے دوران عائشہ قریب سے گذرنے والی ایک لاری کی زد میں بھی آکر بہت زیادہ زخمی ہوگئی۔ اسے فوری طور پر مینگلور لے جایا گیا، مگر اسپتال کے قریب پہنچنے تک اس کی موت واقع ہوگئی۔
زخمی قمرالنساء کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں اوراسے کنداپور اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔
ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ایک طرف کار موقع پر سے فرار ہوگئی، اُسی طرح لاری بھی فرار ہوگئی تھی، مگر واقعے کی اطلاع ملتے ہی کثیر تعداد میں شہر کے نوجوان جمع ہوگئے تھے جنہوں نے کار اور لاری کا پیچھا کرتے ہوئے شرالی کے قریب دونوں سواریوں کو دھر لیا اورڈرائیوروں کودبوچتے ہوئے بھٹکل پولس کے حوالے کیا۔
انجمن گرلز ہائی اسکول کی ہونہار طالبہ عائشہ جو اسکول کی دیگرسرگرمیوں میں بھی متحرک تھی کی اچانک موت پراسکول میں منعقدہ انجمن الومنی کا صبح کا پروگرام دوپہر تک کے لئے ملتوی کیا گیا ہے۔ لڑکی کی موت پر اسکولی طالبات سمیت ٹیچروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پیر صبح میت کو مینگلور سے سیدھے بھٹکل سرکاری اسپتال پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کیا گیا، اس موقع پر انجمن کے نائب صدر جناب پلور محمد صادق، جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل، سرگرم ارکان سعداللہ رکن الدین، مبیشر حُسین ہلارے، سماجی ورکرس نذیر قاسمجی، سعود گوائی، امشاد مختصر اور نورالامین مومن، اسپتال انچارج ڈاکٹر سویتا کامتھ اور پی ایس آئی سوما سمیت کافی دیگر ذمہ داران بھٹکل سرکاری اسپتال میں ہی موجود تھے۔ اسپتال کی جملہ کارروائیوں کے بعد میت کوصبح قریب گیارہ بجے گھر والوں کے حوالے کیا گیا۔ بعد نماز ظہر نوائط کالونی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔