ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم نے عوام کے تعاون سے فراہم کیا رواں سال 352اسٹوڈینٹس کوتعلیمی امداد اور344 خاندانوں کو ماہانہ راشن؛جماعتوں سے مزید تعاون کی اپیل

بھٹکل تنظیم نے عوام کے تعاون سے فراہم کیا رواں سال 352اسٹوڈینٹس کوتعلیمی امداد اور344 خاندانوں کو ماہانہ راشن؛جماعتوں سے مزید تعاون کی اپیل

Tue, 11 Apr 2023 17:16:44    S.O. News Service

بھٹکل 11/اپریل (ایس او نیوز)سوسال سے بھی زیادہ  قدیم  سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم   صاحب نصاب  حضرات سے زکواۃ کی حصولیابی  کے ذریعہ   اسے مستحق افراد تک پہنچانے کا کام  نہایت منظم طریقہ پر کرتا آرہا ہے اور ضرورت مند حضرات اس سے فائدہ اُٹھارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ  زکواۃ کی رقم  صحیح مصارف میں استعمال  ہوہی ہے۔ تنظیم کے ذریعے ہر سال  تین سو سے زائد خاندانوں کو ماہانہ راشن فراہم کیا جاتا ہے، تین سو سے زائد طلبہ کو  اسکول نیز کالج  میں داخلہ کرایا جاتا ہے اور  تعلیم کے میدان میں بھٹکل کے طلبہ کو  آگے بڑھانے کے لئے ہرممکن  امداد فراہم کی جاتی ہے۔اس کے علاو ہ تنظیم کی طرف سے     بہت سے مریضوں کو علاج معالجہ کے لئے رقومات  اور دوائیں وغیرہ  دینے کےساتھ ساتھ  بہت سے خاندانوں کو شادی بیاہ کے لئے بھی  راشن کی شکل میں امداد فراہم کی جاتی ہے اور یہ جملہ اُمور   تنظیم کی ”مالی امداد“ کمیٹی کے ذریعہ انجام دئیے جاتے ہیں۔ ان تمام باتوں کی جانکاری مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے دی۔

انہوں نے بتایا کہ   ہر سال زکوٰۃ کی مد میں موصولہ رقم کی بنیاد پر   زکوٰۃ بجٹ ترتیب دی جاتی ہے    اور اسی کے مطابق رقومات خرچ کی جاتی ہیں انہوں نے  صاحب نصاب  حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حضرات   زکوٰۃ کی رقومات بہم پہنچاتے ہوئے اس نیک اور خیر خواہی کے کام کی انجام دہی میں ادارے کا جو تعاون کررہے ہیں  اسے ہم انتہائی قدر کی نگاہوں سے دیکھتے  ہیں۔

عبدالرقیب ندوی نے بتایا کہ     ہمارے معاشرہ میں غریب اور لاچار خاندانوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے  اور انہیں  مدد اور دستگیری کی اشد ضرورت ہے۔ ان میں سے بہت سے خاندان ایسے ہیں جو اپنی مجبوریوں کا کسی کے سامنے اظہار نہیں کرتے اور اپنی حاجت روائی کے لئے کسی کے پاس جانا بھی گوارا نہیں کرتے۔ ایسے خاندانوں کو ڈھونڈ کر ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ اس کے علاوہ علاج معالجہ کی مد میں ہمارے پاس ڈایلائسس، کینسر اور ہارٹ وغیرہ کے مریضوں کی طرف سے بھی امداد کے لئے زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ان امراض کے علاج کے لئے بھاری رقم درکار ہوتی ہے۔ ہماری طرف سے دی جانے والی  پانچ دس ہزار روپئے کی رقم ان مریضوں کے لئے زیادہ فائدہ مند نہیں ہو سکتی۔ ایسے مریضوں کے لئے دئیے جانے والی رقومات میں بھی اضافہ  کے لئے علاج معالجہ کی مد میں ایک کثیر رقم درکار ہے۔  اورآج کل کے معاشی حالات کے مدّنظر مالی امداد کی کارروائیوں کو مزید وسعت دینا  بھی اشد ضروری ہو گیا ہے۔ 

 انہوں نے  درخواست کی   کہ  مندرجہ بالا حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے صاحب نصاب حضرات اپنی زکوٰۃ میں سے تنظیم کو دی جانے والی رقومات میں خاطر خواہ اضافہ کریں تاکہ  تنظیم کے  زکوٰۃ بجٹ کو مزید وسعت دے کر زیادہ سے زیادہ مستحقین کی ضرورتوں کو بہتر سے بہتر طریقہ پر پورا کیا جاسکے۔

مولوی عبدالرقیب نے بتایا کہ چونکہ رمضان کے مبارک مہینے میں ایک نیکی کا ثواب دس گنا ذیادہ حاصل ہوتا ہے۔ لہٰذا صاحبِ نصاب حضرات اسی مہینہ میں اپنی زکوٰۃ نکالنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی مناسبت سے  تنظیم کی طرف سے ہر سال ماہِ رمضان المبارک میں زکوٰۃ کی حصولیابی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔  ہماری بیرونِ ہند اور اندرونِ ہند کی جماعتیں اپنے اپنے حلقہ میں اس اہم کام کی انجام دہی میں تنظیم کا  بھر پور تعاون کرتی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ     سالِ رواں میں  352 طلبا و طالبات کو تعلیمی امداد فراہم کی گئیں، 344  خاندانوں کو ماہانہ راشن     دیا گیا۔  132 افراد کو علاج معالجہ     کے لئے  اور 59 افراد کو شادی بیاہ    کے لئے امداد فراہم کی گئیں۔

انہوں نے  بالخصوص بھٹکل مسلم جماعت دبئی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ  اس سلسلہ میں  دبئی جماعت کا ہمیشہ سے بہت اہم کردار رہا ہے اور تنظیم کو کوٰۃ کا بہت بڑا حصّہ دبئی حلقہ سے حاصل ہوتا ہے۔مولوی  عبدالرقیب ندوی نے  تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  درخواست کی کہ  گزشتہ سالوں کی    بہ نسبت اس سال اپنے حلقہ میں حتی الامکان ذیادہ سے ذیادہ زکوٰۃ کی حصولیابی کی کوشش کرتے ہوئے زکوٰۃ بجٹ کو مزید وسعت دینے میں بھرپور تعاون کرے۔

 


Share: