بھٹکل 20 / اپریل (ایس او نیوز) شمالی کینرا کے ہلیال، سرسی اور بھٹکل حلقہ سے کانگریس اور بی جے پی کے جن امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ان کے حلف نامہ کا جائزہ لیں تو یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ یہ سب کروڑ پتی امیدوار ہیں جو سیاسی محاذ پر ایک دوسرے کے مقابل آ گئے ہیں۔
سینئرکانگریسی رہنما اور سابق وزیر آر وی دیشپانڈے پھر ایک بار اپنے دائمی حلقہ ہلیال سے انتخابی اکھاڑے میں ہیں۔ 2018 کے اسمبلی الیکشن کے وقت داخل کیے گئے حلف نامہ کے مطابق ان کی خاندانی ملکیت 215 کروڑ روپے تھی ۔ اب کی بارداخل کئے گئے حلف نامہ کے مطابق ان کی ملکیت بڑھ کر299.53 کروڑ روپئے ہوگئی ہے۔
سرسی کے رکن اسمبلی ویشویشور ہیگڈے جنہوں نے 2018 میں داخل کئے گئے اپنے حلف نامہ میں اپنی ملکیت4.32 کروڑ روپئےجبکہ بیوی اوربچوں کی بھی ملکیت شامل کی جائے تو جملہ 4.91 کروڑ روپئے درج کی تھی، اس بارداخل کئے گئے حلف نامہ کے مطابق ان کی بشمول خاندان کی ملکیت بڑھ کر اب 12 کروڑ روپئے ہوگئی ہے۔
ہلیال میں بی جے پی کے امیدوار سنیل ہیگڈے کے پاس اس وقت جملہ 9.09 کروڑ روپے کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثے ہیں اور 5.55 کروڑ روپے کا قرضہ ہے ۔ سال 2018 کے ایفیڈیوٹ میں سنیل ہیگڈے نے بتایا تھا کہ ان کے پاس 2.32 روپے کے اثاثے ہیں اور 85 لاکھ روپے کا قرضہ ہے۔
سرسی سے کانگریسی لیڈر بھیمنّا نائک کی جائداد میں گزشتہ پانچ سال کے اندر 91 کروڑ روپوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ سال 2018 میں بھیمنّا نائک نے جو حلف نامہ داخل کیا تھا اس میں 31.22 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے اپنے پاس ہونے کی بات کہی تھی۔ اس دفعہ داخل کیے گئے ایفیڈیوٹ کے مطابق اب ان کے منقولہ و غیر منقولہ خاندانی اثاثوں کی مالیت 122.35 کروڑ روپے ہے ۔ 2018 میں بھیمنّا نائک کے خاندان پر 23 کروڑ روپوں کا قرضہ تھا۔ اس مرتبہ قرضہ بڑھ کر 69.22 کروڑ روپے ہوگیا ہے ۔ بھیمنّا نائک نے مدھو بنگارپّا سمیت کئی کانگریسی لیڈروں کو کروڑوں روپے کا قرضہ بھی دیا ہے ۔
کاروار۔انکولہ حلقہ کی بی جے پی رکن اسمبلی روپالی نائک اور ان کی خاندان کا جملہ اثاثہ جو 2018 میں 1,35,50,000 روپئے تھا، اب یہ بڑھ کر5.77 کروڑ روپئے ہوگیا ہے۔
بھٹکل رکن اسمبلی اور بی جے پی اُمیدوار سنیل نائک جنہوں نے 2018 میں داخل کئے گئے اپنے حلف نامہ میں اپنا بشمول خاندان کا اثاثہ 7.25 کروڑ روپئے لکھوایا تھا، اس بار کے انتخابات کے لئے داخل کئے گئے حلف نامہ کے مطابق ان کا اثاثہ بڑھ کر 8 کروڑ روپئے ہوگیا ہے۔
بھٹکل حلقہ سے امیدوار منکال وئیدیا کی اگر بات کریں تو اس وقت ان کے بشمول خاندان کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی مالیت 64.21 کروڑ روپے ہے ۔ گزشتہ پانچ سال میں ان کے اثاثوں میں 52.42 کروڑ روپیوں کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ بھٹکل کے جے ڈی ایس اُمیدوارایڈوکیٹ ناگیندرا نائک جو پہلی بارانتخابی اکھاڑے میں اُتررہے ہیں، اپنے بشمول خاندان کے پاس 16 کروڑ روپئے سے زائد اثاثہ جات ہونے کا حلف نامہ دیا ہے۔