بھٹکل،16/ اپریل (ایس او نیوز) اسمبلی انتخاب میں جنتا دل (ایس) کے امیدوار ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک نے بھٹکل رمضان بازار میں عوام کی کثرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آج ووٹ طلب کرنے کے لئے اپنے حامیوں کے ساتھ ایک مہم چلائی جس میں انہوں نے عوام اور دکانداروں سے ملاقاتیں کیں اور اس مرتبہ سیاسی بدلاو کے لئے ایک موقع دینے کی درخواست کی۔
شہر کے چن پٹن ہنومنتھا مندر میں پوجا کے بعد کار اسٹریٹ ، پھول بازار، مین روڈ اور ماری کمبا مندر کے پاس سے پرانے بس اسٹینڈ تک ایک ایک دکاندار سے ملاقات کی اور کہا کہ بھٹکل - ہوناور حلقہ میں اس مرتبہ سیاسی تبدیلی لانے کے لئے ایک نئے چہرے کو موقع دیا جائے ۔ ووٹ طلب کرنے کے لئے کی گئی اس پدیاترا میں ان کے ساتھ بڑی تعداد میں جنتا دل سیکیولر پارٹی کے کارکنان اور ناگیندرا نائک کے حامی شامل تھے ۔
اس موقع پر جے ڈی ایس لیڈر پانڈو نائک، ٹی ایم سی کاونسلر کرشنا نند پائی، مٹھلی گرام پنچایت رکن دیویّا نائک، جے ڈی ایس تعلقہ صدر ایڈوکیٹ راج وردھن نائک، ایڈوکیٹ منجو ناتھ گونڈا، ناگیش گدّیمنے، جے ڈی ایس لیڈر ایشور نائک، وینکٹیش نائک وغیرہ موجود تھے ۔