ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور: اے پی سی آرکرناٹکا کی نئی انتظامیہ کمیٹی تشکیل؛ ایڈوکیٹ پی عثمان اورمحمد نیاز پھر ایک بار صدراورسکریٹری منتخب

بنگلور: اے پی سی آرکرناٹکا کی نئی انتظامیہ کمیٹی تشکیل؛ ایڈوکیٹ پی عثمان اورمحمد نیاز پھر ایک بار صدراورسکریٹری منتخب

Sun, 19 Mar 2023 15:16:47    S.O. News Service

بینگلور19 مارچ (ایس او نیوز) بینگلور ہائی کورٹ کے سنئیر وکیل ایڈوکیٹ پی عثمان اور ایڈوکیٹ محمد نیازایس پھر ایک بار اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) کرناٹک کے بالترتیب صدراورسکریٹری منتخب ہوئے، ان کے ساتھ ساتھ ٹمکور کے سماجی کارکن جناب تاج الدین شریف جوائنٹ سکریٹری کے طور پر منتخب ہوئے۔ خزانچی کے طور پر ایڈوکیٹ عبدالسلام، آرٹی آئی کورڈینیٹر کے طور پرجناب شیخ شفیع احمد اور میڈیا کورڈینٹرکے طورپرجناب عنایت اللہ گوائی کو پھر ایک بارذمہ داری سونپی گئی۔

بینگلور کےاگریکلچر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ہال میں جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے معاون امیر حلقہ جناب محمد یوسف کنی کی نگرانی میں منعقدہ ریاستی اے پی سی آر کے اجلاس میں اگلی میعاد 2023تا2027کے لئےایڈوکیٹ محمود قاضی بیجاپور، محترمہ سُمیّہ روشن بنگلور، محترمہ نسرین تاج بنگلور اورجناب حُسین کوڈی بینگرے اُڈپی بھی مجلس عاملہ کے لئے منتخب ہوئے۔

اے پی سی آرکی ریاستی انتخابی اجلاس کا آغاز مولانا حافظ ایڈوکیٹ احتشام ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ایڈوکیٹ محمد نیاز نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئےکہا کہ آج کا اجلاس اگلے چار سالوں کے لئے مجلس عاملہ اور ذمہ داران کے انتخاب کے لئے منعقد کیاگیا ہے۔ ایڈوکیٹ پی عثمان نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ریاست کے حالیہ حالات پر روشنی ڈالی اور ریاست کے مختلف اضلاع سے تشریف فرما اے پی سی آرکے ضلعی صدور کو حقوق انسانی کی پامالی اورہیٹ اسپیچ کے ذریعے بگڑتےحالات پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئےزوردیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں متحرک ہوکر کام کریں۔ انہوں نے اراکین کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ اے پی سی آرکارکنان کے لئے ضروری ہے کہ جب بھی کسی ضلع یا علاقہ میں کسی طرح کے ناخوشگوارحالات پیش آتے ہیں تو کسی ہدایات کی انتظاری کے بغیر فوری طور پر قانونی کاروائی کریں ، مظلوموں کا ساتھ دیں اور متاثرین کو قانونی امداد فراہم کریں۔ اس موقع پر تمام اضلاع کے ذمہ داروں نے اپنے اپنے ضلع کی صورت حال اورجائزہ رپورٹ پیش کیا۔

اے پی سی آر کرناٹک کے نگران مولانا محمد یوسف کنی نے اختتامی خطاب کرتے ہوۓ فرمایا کہAPCR جن مقاصد کے تحت قائم کیا گیا ہے،ہر مقام پر اس کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔ ملک اور سماج میں قانونی رہنمائی کی شدید ضرورت ہے۔ ریاست میں بہت جلد اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ ایسے میں حالات پر گہری نظر رکھتے ہوئے لوگوں کی امداد کرنا اور پر امن طریقے پر مسائل کا حل تلاش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ موصوف کی نگرانی میں ہی انتخابی کاروائی مکمل ہوئی۔

ایڈوکیٹ عبدالسلام نے جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دئے۔ شیخ محمد شفیع نے آخر میں کلمہ تشکر پیش کیا۔ مختلف اضلاع سے اے پی سی آر کے نمائندے شریک تھے۔


Share: