ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور: آر ایس ایس ورکر ردریش کا قتل سودی کاروبار میں رقابت کا نتیجہ ہے؟

بنگلور: آر ایس ایس ورکر ردریش کا قتل سودی کاروبار میں رقابت کا نتیجہ ہے؟

Sat, 22 Oct 2016 04:55:23    S.O. News Service

بنگلورو۔21/اکتوبر(ایس او نیوز) شہر کی پولیس نے شیواجی نگر علاقہ کے کامراج روڈ پر قتل ہوئے آر ایس ایس لیڈر ردریش کے قتل کے سلسلے میں چھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور بتایا ہے کہ ردریش کا قتل سودی کاروبار کے سلسلے میں کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ تحقیقات کے دوران ملزمین نے اقبال جرم کرلیا ہے۔ پولیس کی طرف سے ایک خفیہ مقام پر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ تاہم ابھی یہ تصدیق نہیں ہوپائی ہے کہ ان لوگوں نے اپنے ہی اختلافات کی بنیاد پر قتل کیا تھا یا انہیں ردریش کو ختم کرنے کیلئے سپاری دی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ردریش نے 8 فیصد شرح سود پر رقم دی تھی اس وجہ سے بار بار اس کا ان لوگوں سے جھگڑا بھی ہوا تھا۔ قتل کی جانچ کے دوران ردریش کی جن لوگوں سے تکرار ہوئی تھی، ان تمام کو طلب کرکے پوچھ تاچھ کئے جانے پر یہ معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کے باوجود بھی پولیس کی طرف سے اس معاملے میں دیگر زاویوں سے جانچ جاری ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ ردریش کا قتل پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی طرف سے کروایا گیا ہے۔ تاہم پولیس کو اب تک اس سلسلے میں کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔ ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے ریاستی حکومت کو یہ الٹی میٹم دیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ردریش کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر بی جے پی احتجاجی مہم شروع کرے گی۔


Share: