بنگلورو،2/مارچ(ایس او نیوز/ایجنسی)ریاستی حکومت کی جانب سے بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کو جاری گرانٹ اور ذاتی آمدنی سمیت10ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ ما لیت کا سال2023-24کابجٹ2مارچ کو ٹاؤن ہال میں پیش کرنے بی بی ایم پی نے تیاری کر لی ہے۔
اطلاع کے مطابق ریاستی حکومت نے اپنے سال2023-24کے بجٹ میں بی بی ایم پی کے لئے تقریباً6ہزار کروڑ کا گرانٹ جاری کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ بی بی ایم پی کی آمدنی کے ذرائع سے اکٹھی رقم سمیت کل 10ہزار کروڑ سے زیادہ کا بجٹ پیش ہونے کی توقع ہے۔
بی بی ایم پی کمشنر اور شعبہ ما لیات کے اسپیشل کمشنر کی قیادت میں اجلاس منعقد کر کے تیار بجٹ کا مسودہ کو محکمہ شہری ترقیات کی منظوری حاصل ہو ئی ہے اور چند تبدیلیوں کی ہدایت دی گئی ہے جس کے بعد بجٹ کا پیاں شائع کر کے2مارچ کی صبح11بجے ٹاؤن ہال میں بی بی ایم پی اڈمنسٹریٹر راکیش سنگھ کی صدارت میں اور بی بی ایم پی کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ کی مو جودگی میں بی بی ایم پی شعبہ مالیات کے اسپیشل کمشنر جئے رام رائے پورہ بجٹ پیش کرنے والے ہیں۔بجٹ کارپوریشن کے ویب سائٹhttps://bbmp.gov.inپر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بی بی ایم پی شعبہ ما لیات کے افسران کے مطابق بی بی ایم پی کے لئے جائیداد ٹیکس سب سے زیادہ آمدنی کا ذریعہ ہے،2022-23سال میں 10,943.54 کروڑ روپیوں کا بجٹ پیش کیا گیا تھا،لیکن اس سے بنگلور میں بنیادی سہولتوں کے کاموں کو مکمل کرنا مشکل نظر آتا ہے۔ اس مرتبہ ریاستی بجٹ میں بی بی ایم پی کے لئے جاری6کروڑ روپئے اور بی بی ایم پی کی آمدنی 4کروڑ،کل10ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کا بجٹ پیش ہوگا۔
بتا یا جاتا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کو مد نظر رکھتے ہو ئے حکومت کی جانب سے اعلان کر دہ اسکیموں،بی بی ایم پی کی اسکیموں کے ساتھ ساتھ بنگلور کے ووٹرس کو راغب کرنے بی بی ایم پی بجٹ میں مقبول اسکیموں کا اعلان متوقع ہے۔حکو مت کے گرانٹ سے2017کے دوران بی بی ایم پی کی حدود میں اندرا کینٹین شروع کی گئی تھی،لیکن گزشتہ 5سال سے حکومت کی جانب سے اندرا کینٹین کے لئے فنڈ جاری نہیں کیا گیا، اس مر تبہ بی بی ایم پی تقریباً50کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کر تے ہو ئے اندرا کینٹین کو برقرار رکھنے کی امید ہے۔اس کے علاوہ اس مرتبہ بجٹ میں بزرگوں کے لئے رہائش فراہم کرنے ”شراونی وستی اسکیم“،پیشہ ور خواتین کے لئے رہائشی سہولت،ساوتری بائی پھلے کے نام سے اسکیم شروع کرنے کے امکانات ہیں۔ اسی طرح تعلیم،صحت اور فلاح وبہبود ی پر اہمیت دی گئی تو جائیداد ٹیکس میں کمی کے امکانات ہوں گے۔
بی بی ایم پی اراکین کی میعاد ستمبر2020کو ختم ہو ئی ہے، ابتک انتخابات نہیں ہو ئے ہیں،جس کی وجہ سے کارپوریشن میں منتخب عوامی نمائندے نہیں ہیں،اس طرح افسران ہی بجٹ پیش کر رہے ہیں۔ گزشتہ 2021-22 اور2022-23کا بجٹ بھی افسران ہی نے پیش کیا تھا اور اس مرتبہ بھی شعبہ ما لیات کے اسپیشل کمشنر بجٹ پیش کر یں گے، اس طرح کل تین مرتبہ افسران نے بجٹ پیش کیا ہے۔