ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو سے جانے والے عازمین حج کا کرایہ303921روپئے مقرر

بنگلورو سے جانے والے عازمین حج کا کرایہ303921روپئے مقرر

Sun, 07 May 2023 12:12:25    S.O. News Service

بنگلورو،7/مئی (ایس او نیوز) امسال سفر حج بیت اللہ پر روانہ ہونے والے عازمین کو مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے حج کے مکمل کرایہ کی تفصیل جاری کردی گئی ہے۔ حج کمیٹی کی طرف سے جاری ایک اخباری بیان میں بتایاگیا ہے کہ بنگلور سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو 303921 (صرف تین لاکھ 3/ہزار نوسو اکیس روپئے) کی مجموعی رقم ادا کرنی پڑے گی جس میں سے ان عازمین نے پہلے ہی 251800روپئے مرکزی حج کمیٹی کو ادا کردیئے ہیں۔ اب بنگلور کے عازمین کو مزید 52121 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے ملک کے تمام 22/ایمبارکیشن پوائنٹس سے لی جانے والی رقم کی فہرست جاری کی جاچکی ہے۔

اخباری بیان میں کہاگیا ہے کہ حج کے کرایہ کی یہ رقم اندازہ کی بنیاد پر طئے کی گئی ہے جس میں 10فیصد تک اضافہ یا کمی کا امکان رہے گا۔ وہ عازمین جو قربانی کے آپشن کے بغیر روانہ ہوں گے۔ ان سے 16344روپئے جو 720سعودی ریال کے برابر ہیں کم لئے جائیں گے۔ عازمین حج کو حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میں جو اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک میں ہے جمع کرکے پئے ان سلپ آن لائن حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنی ہوگی۔ شیعہ عازمین جو بنگلورو سے روانہ ہورہے ہیں اور ان کیلئے میقات جحفہ ہے ان کو 26314روپئے جو 1159.2سعودی ریال کے برابر ہیں۔ فی عازم افزود ادا کرنے ہوں گے۔ رقم ادا کرنے کی آخری تاریخ 15مئی 2023ء ہوگی اور حج فلائٹس کا آغاز 21مئی 2023سے ہوجائے گا۔ اگر تمام بقایا جات ادا نہیں کئے گئے تو عازمین کو روانہ ہونے نہیں دیا جائے گا۔ یہ اطلاع کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر سرفراز خان اور چیرمین رؤف کچہری والا نے دی ہے۔


Share: