بنٹوال ،9 / اپریل (ایس او نیوز) کل دوپہر کے وقت اپنی نانی کے گھر سے لا پتہ ہونے والے اسکولی بچے عبدالعظیم (13 سال) کی لاش کالیگے گاوں کی جھیل میں برآمد ہوئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ عبدالعظیم بی سی روڈ پر واقع ایک پرائیویٹ انگلش میڈیم اسکول میں 8 ویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ کل دوپہر میں وہ دوستوں کے ساتھ پانیمنگلورو میں واقع اپنی نانی کے گھر گیا تھا ۔ وہاں سے وہ اچانک لاپتہ ہوگیا ۔ اس کے گھر والوں نے اس سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی مگر اس میں کامیابی نہیں ہوئی ۔ جب عبدالعظیم کے پاس موجود موبائل فون کی گھنٹی بجتی رہی اور اس نے کال ریسیو نہیں کی تو انہوں نے پولیس کے ساتھ لڑکے کی گم شدگی کا معاملہ درج کروایا ۔
اس کے موبائل کی لوکیشن کا پتہ لگانے کے بعد جب پولیس کالیگے جھیل کے پاس پہنچی تو وہاں عبدالعظیم کے کپڑے ، موبائل فون اور جوتے رکھے ہوئے تھے ۔ اس کے بعد پولیس نے جھیل کے اندر عبدالعظیم کے لئے تلاشی مہم شروع کی اور دیر رات کو جھیل کی تہہ سے لاش برآمد کی گئی ۔
بنٹوال پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بنٹوال سرکاری اسپتال میں منتقل کیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔