اڈپی،4 / مئی (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کے ایک سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ ویرپّا موئیلی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔
اڈپی میں اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے موئیلی نے کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس کسی تنظیم پر پابندی لگانے کے اختیارات نہیں ہوتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ : " بی جے پی اب سردار ولبھ بھائی پٹیل سے محبت کرتی ہے ، مگر پٹیل نے راشٹریہ سویم سنگھ (آر ایس ایس) پر پابندی لگائی تھی ، اور اس پابندی کو بعد میں جواہر لال نہرو نے ہٹایا تھا ۔ منافرت والی سیاست کے تعلق سے سپریم کورٹ کا موقف بالکل واضح ہے ۔ ہم نے اپنے منشور میں اسی سے مطابقت رکھنے والی بات کہی تھی ۔ لیکن ہمارے پاس بجرنگ دل کو ممنوع قرار دینے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیو کمار نے آج یہ بات صاف کر دی ہے ۔"