اڈپی، یکم مارچ (ایس او نیوز) ملپے ماہی گیر بندرگاہ پر واقع گیریج میں مرمت کے لئے رکھے گئے ماہی گیر کشتیوں کے 3 پنکھے چوری ہوگئے جس کی مالیت کا اندازہ 4 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چوری کی واردات اتوار کے دن شام کے وقت پیش آئی اور پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوا ہے ۔ دستیاب فوٹیج میں چار نوجوان چوری کی واردات انجام دینے اور پنکھوں کو ٹیمپو میں لادنے کے بعد موقع پر سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
ماہی گیر کشتی کے مالک گنیش سوورنا نے بتایا کہ چونکہ اتوار چھٹی کا دن ہوتا ہے اور آس پاس کی دکانیں جلد ہی بند ہوجاتی ہیں اس لئے چوروں کو اپنی کارروائی انجام دینے میں سہولت ہوئی ۔ گیریج میں سامنے کی طرف رکھے ہوئے پنکھوں کو نشانہ بنا کر منصوبہ بند طریقے سے چوری کی واردات انجام دی گئی ہے ۔ دیگر ماہی گیروں نے اس علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں اور پولیس کی طرف سے ان معاملات کو حل کرنے میں تساہلی پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔