اڈپی 12 / مئی (ایس او نیوز) کل رات بھاری برسات اور تیز ہواوں کے درمیان مجورو مسجد کے قریب ایک بہت بڑا درخت زمین سے اکھڑ کر دو چلتے رکشہ پر گر پڑا جس کی وجہ سے رکشہ میں سفر کر رہے دو مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مہلوکین کی شناخت پشپا (46 سال) اور کرشنا آچاریہ (52 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شریف نامی رکشہ ڈرائیور کاپو سے شیروا کی طرف پشپا کو لے جارہاتھا اور دنیش نامی رکشہ ڈرائیور کرشنا کو شیروا سے کاپو کی طرف لے جا رہا تھا ۔ اسی دوران مجوری مسجد کے قریب درخت ان دونوں رکشاوں پر گر گیا جس سے دونوں مسافروں کو گہری چوٹ آئی اور انہوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔ دونوں رکشہ بری طرح تباہ ہوگئے البتہ دونوں ڈرائیوروں کو کوئی چوٹ نہیں آئی ۔
مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی مشقت کے بعد درخت اور رکشہ کے ملبے میں دبی ہوئی دونوں لاشوں کو باہر نکالا ۔ اس سلسلے میں کاپو پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔