ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُمیش پال قتل معاملہ: مقتول عتیق احمد کی بیوہ شائستہ پروین سمیت گڈو مسلم اور صابر کے خلاف جاری کی گئی لُک آؤٹ نوٹس

اُمیش پال قتل معاملہ: مقتول عتیق احمد کی بیوہ شائستہ پروین سمیت گڈو مسلم اور صابر کے خلاف جاری کی گئی لُک آؤٹ نوٹس

Tue, 16 May 2023 17:47:17    S.O. News Service

الہ آباد، 16/مئی(ایس او نیوز/ایجنسی) اتر پردیش پولیس نے اُمیش پال قتل معاملہ میں ملزم گڈو مسلم اور شائستہ پروین کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے۔ شائستہ پروین اور گڈو مسلم پر یوپی پولیس پہلے ہی 5-5 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر چکی ہے۔ ان دونوں کے علاوہ ملزم صابر کے خلاف بھی لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

الہ آباد میں ہوئے اُمیش پال کے قتل کے بعد قتل کیے گئے عتیق احمد کی بیوہ شائستہ پروین اور شوٹر گڈو مسلم کی پولیس گزشتہ 78 دنوں سے تلاش کر رہی ہے۔ دونوں ملزمان اب تک پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔

لُک آؤٹ نوٹس جاری ہونے کے بعد اب ملزمان بیرون ملک کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ ملزمان کی تفصیلات اور تصاویر تمام ہوائی اڈوں اور بین الاقوامی سرحدوں پر بھیجی جا چکی ہیں۔

خیال رہے کہ بی ایس پی کے رکن اسمبلی راجو پال قتل کیس کے اہم گواہ اُمیش پال 24 فروری 2023 کو الہ آباد کے دھومن گنج علاقے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اُمیش کے ساتھ ان کا پولس سیکورٹی اہلکار سندیپ نشاد بھی مارا گیا۔ اُمیش کو اس  کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔

قتل کا الزام سابق رکن اسمبلی عتیق احمد کے بیٹے اور ان کے اہل خانہ پر عائد کیا گیا۔ امیش پال کی بیوی جیا پال کی شکایت کی بنیاد پر عتیق احمد، اس کے بھائی اشرف، بیوی شائستہ پروین، دو بیٹوں، معاونین گڈو مسلم اور غلام اور دیگر نو افراد کے خلاف دھوم گنج پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

شوٹر وجے چودھری عرف عثمان، ڈرائیور ارباز، اسد اور شوٹر غلام ایس ٹی ایف اور پولیس ٹیموں کے ساتھ تصادم میں مارے  جاچکے  ہیں۔ گڈو مسلم، شوٹر صابر اور شائستہ پروین تاحال مفرور ہیں۔


Share: