ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُترپردیش میں2024 انتخابات کو لے کرمسلم ووٹروں کو رِجھانے کی کوشش ابھی سے تیز؛ بی جے پی اور بی ایس پی میں رشہ کشی جاری

اُترپردیش میں2024 انتخابات کو لے کرمسلم ووٹروں کو رِجھانے کی کوشش ابھی سے تیز؛ بی جے پی اور بی ایس پی میں رشہ کشی جاری

Sun, 23 Oct 2022 02:58:32    S.O. News Service

لکھنو 22/اکتوبر(ایس او نیوز) 2024 کے پارلیمانی الیکشن کیلئے اتر پردیش میں جہاں پارلیمنٹ کی 80 نشستیں ہیں، مسلم ووٹروں کو لبھانے کے لئے سیاسی پارٹیاں ابھی سے سرگرم ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے سماجوادی پارٹی کی فکر مندی بڑھ گئی ہے۔

پتہ چلا ہے کہ ۲۰۱۴ء اور ۲۰۱۹ء میں اتر پردیش میں ایک بھی مسلم امیدوار نہ اتارنے والی بی جےپی اس بار ’پسماندہ مسلمانوں ‘ کی شکل میں مسلمانوں کے ایک طبقے پر ڈورے ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ دوسری طرف مسلمانوں کے مسائل پر سماجوادی پارٹی کی خاموشی کی وجہ سے ایس پی سے ناراض مسلمانوں  کا ایک بڑا طبقہ  متبادل کی تلاش میں ہے  جسے بی ایس پی اپنے خیمے میں  شامل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

بی جے پی نے پسماندہ مسلم سمیلن کا انعقاد شروع کردیا ہے ، جبکہ بی ایس پی مسلم لیڈروں کو اپنی پارٹی میں شامل کرارہی ہے اور مزید مسلم لیڈروں پر نگاہیں مرکوز کئے ہوئے ہے۔اسے اس منصوبہ میں گزشتہ دنوں بڑی کامیابی بھی ملی اور مغربی یوپی میں خاصے اثر رکھنے والے عمران مسعودسائیکل سے اتر کر ہاتھی پر سوار ہوگئے۔

کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی نظر بھی مسلم ووٹوں پر ہے مگر ابھی یہ دونوں  خاموش حکمت عملی میں لگی ہوئی ہیں۔ ان  سرگرمیوں  سے سماجوادی پارٹی میں بے چینی بڑھ گئی  ہے۔

ریاستی راجدھانی لکھنؤ میں گزشتہ دنوں بی جے پی اقلیتی مورچہ نے پسماندہ مسلم سمیلن منعقد کرکے سماجوادی پارٹی کو فکر مند کردیا ہے۔بی جے پی کی نظر اُن پسماندہ مسلمانوں پر ہے جن کا حصہ  مسلم آبادی میں ۷۰؍فیصد سے زائد ہے تاہم  مسلمان ذات برادری سے  بالاتر ہوکر ووٹ دیتے ہیں، اس لئے بی جےپی کو بہت زیادہ کامیابی ملنے کی امید نہیں ہے۔ راجدھانی میں منعقد  بی  جے پی کا یہ سمیلن بہت کامیاب نہیں رہا مگر بی جے پی  کا  اس طرح کا یہ پہلا بڑا پروگرام کہا جاسکتا ہے جو مسلمانوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ دوسری طرف، بی ایس پی سپریمو کی نظر سماجوادی پارٹی کےان مسلم لیڈروں پر ہے جو اکھلیش سے ناراض ہیں۔ انہوں نے پوروانچل کے قد آور لیڈرشاہ عالم عرف گڈو جمالی کو پہلے ہاتھی پر بٹھایا اور اب مغربی یوپی کے طاقتور لیڈرعمران مسعودکو اپنے خیمہ میں کرلیا ہے ۔


Share: