بنگلورو،8/اپریل(ایس او نیوز)ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے زبردست تیاری کر رہے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے اخراجات پر کڑی نظر رکھنے مرکزی انتخابی کمیشن کی جانب سے بیرونی ریاستوں سے آئی آر ایس،آئی اے ایس،آئی پی ایس افسران کو ریاست روانہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتا یا کہ ہر انتخابات کے موقع پر انتخابی اخراجات پر نگاہ رکھنے اور دیگر بد عنوانیوں پر روک لگانے بیرونی ریاستوں کے سینئر افسران کو روانہ کیا جا تا ہے،اس کے تحت اس مرتبہ انتخابی ڈیوٹی پر افسران کو روانہ کیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق انتخابی بدعنوانیوں اور رقم کے استعمال پر روک لگانے انتخابی کمیشن کو ایک چیلنج ہے۔ اس سلسلہ میں خصوصی ٹیم نگاہ رکھے گی۔ اتر پردیش،بہار،مغربی بنگال، آندھرا پردیش،تلنگانہ اور تمل ناڈو سمیت دیگر ریاستوں سے افسران کی چند ٹیموں کو کرناٹک کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔ مزید چند ٹیموں کو الیکشن کمیشن آف انڈیا ریاست روانہ کر ے گا۔
بتا یا جا تا ہے کہ انتخابات کو پُرامن اور شفاف طریقہ سے منعقد کرنا کمیشن کا اہم مقصد ہے اور انتخابات کے دوران امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے رائے دہند گان کو لالچ اور انتخابی اخراجات پر قابو پانا اہم ذمہ داری ہے۔بتا یا جا تا ہے کہ ہر 2اسمبلی حلقہ جات کے لئے ایک آئی آر ایس افسر کے حساب سے تعینات کیا جا ئے گا،جس میں محکمہ انکم ٹیکس،کمرشیل ٹیکس،ایکسائز، پولیس افسران خدمت انجام دیں گے۔اس خصوصی ٹیم میں بیرونی ریاستوں کے سینئر افسران اور ریاست کے افسران بھی رہیں گے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے افسران نے بتا یا کہ ریاستی افسران کی جانب سے مقامی امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکانات کے پیش نظر بیرونی ریاستوں کے افسران کو شامل کیا جاتا ہے۔ متعلقہ اضلاع کے انتخابی افسران کی حدود میں انتخابات کے اخراجات کی نگرانی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں،جس کے افسران آئی آر ایس، آئی اے ایس،آئی پی ایس افسران کو بطور عام مشاہد نامزد کیا جا تا ہے۔
بتا یا جاتا ہے کہ2018کے انتخابات کے دوران دیگر ریاستوں سے136آئی آر ایس،154آئی اے ایس اور35آئی پی ایس افسران کو تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم اس مر تبہ ان کی تعداد میں اضافہ ہوگا،کیونکہ بے قاعدگیوں پر قابو پانا الیکشن کمیشن کے لئے چیلنج ہے۔