ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امسال بھٹکل واطراف کے 2046 خاندانوں میں تقسیم ہوا فطرہ چاول

امسال بھٹکل واطراف کے 2046 خاندانوں میں تقسیم ہوا فطرہ چاول

Thu, 18 May 2023 11:16:42    S.O. News Service

بھٹکل، 18/مئی (ایس او نیوز)رمضان المبارک کی تکمیل پر عید کی رات سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی غریب و نادار گھرانوں میں فطرہ چاول تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر حسب سابق اس سال جمع وتقسیم فطرہ کا جائزہ لینے اور اس کام کو مزید مستحکم کرنے کے تعلق سے فطرہ کمیٹی کے ممبران کی عیدملن نشست مع ظہرانہ حنیف ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بروز پیر صبح 00-11بجے منعقد ہوئی۔

نشست میں فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا الیاس جاکٹی ندوی نے بتایا کہ امسال تقریباً ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد کلو چاول جمع ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی، مولانا کے مطابق  اس سلسلہ میں بھٹکل،ہوناور وکمٹہ،شیرور وآس پاس میں 58حلقے بنائے گئے تھے،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی، اس سلسلہ میں بیرون بھٹکل کی جماعتوں وغیرہ سے حسب معمول چاول موصول ہوا جو شیرورسے بشمول بھٹکل،ہوناور اور کمٹہ تک کے دو ہزارچھیالیس (2046) خاندانوں میں تقسیم کیا گیا،اوسطاً ہر خاندان کو50کلو اور زیادہ سے زیادہ بعض نادار اور معذور بڑے خاندانوں کو ایک کوئنٹل تک چاول دیا گیا،اس سال دوسری دفعہ بھٹکل وآس پاس کے تمام حلقوں میں باسمتی چاول بھی تمام خاندانوں میں تقسیم کیا گیا، تقسیم فطرہ کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے شرواتی بیلٹ پر واقع ولکی وہوناور وغیرہ کے اطراف کے علاقوں کو بھی گذشتہ سال سے اس میں شامل کیا گیا تھا۔

مولانا کے مطابق حسب سابق امسال بھی تمام حلقوں میں از سر نو سروے کیا گیااور اس سلسلہ میں رمضان المبارک میں فطرہ کمیٹی کی دو مشاورتی نشستیں  منعقد ہوئیں۔

مولانا نے یہ بھی بتایا کہ بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ مستحسن کام گذشتہ 38سالوں سے جاری ہے اور اس میں ہر سال ترقی ہورہی ہے۔

عید ملن نشست میں خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل مسلم جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ بھٹکل میں قائم مرکزی تعلیمی وسماجی اداروں، جماعتوں، تنظیم، انجمن اور جامعہ کے عہدہ داران، عمائدین اور شہر کے علماء بھی موجود تھے، جلسہ کی نظامت جناب ایس ایم سید پرویز(نائب کنوینر) نے کی، مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی(قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل)، مولانا طلحہ رکن الدین ندوی(ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل) جناب یونس قاضیا (صدر شراوتی مسلم کونسل)، جناب عتیق الرحمن منیری (سکریٹری جنرل بھٹکل مسلم خلیج کونسل ونائب صدر مجلس اصلاح وتنظیم، بھٹکل)، مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی (استاذ جامعہ اسلامیہ بھٹکل) اور جناب محمد صادق پلور (نائب صدر انجمن حامئی مسلمین، بھٹکل) نے اس موقع پر اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ مولانا خواجہ اکرمی مدنی کی دعا اور پر تکلف ظہرانہ پربعد نماز ظہر نشست کا اختتام ہوا۔

(رپورٹ میں دی گئی معلومات مولوی محمد منصور ندوی کی طرف سے روانہ کردہ رپورٹ سے لی گئی ہے)


Share: