بھٹکل، 13/مارچ (ایس او نیوز/موصولہ رپورٹ) اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول بھٹکل کے عثمان حسن ہال میں امسال دسویں جماعت سے فارغ ہونے والے طلباء کے اعزاز میں الوداعی جلسہ منعقد کیا گیا ،جس کا آغاز عرباض خان کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا،کلمات استقبالیہ جناب شبیردفعدارصاحب (صدر مدرس ائی اے یوایچ ایس )نے پیش کئے،مہمانوں کی گل پوشی کے بعد اساتذہ میں جناب نورمحمد ، مولانا اشرف معلم،جناب عبدالرشید مرزانکر اورجناب محی الدین خطالی نے طلباء کو مفید نصائح سے نوازا، اس موقع پر طلباء محمد تاج الحق ،محمد حذیف ،محمد دائب وغیرہ نے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔
مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما بھٹکل کے صحافی اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاد مولوی سیدسالک برماور ندوی نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقی یافتہ دنیا میں تعلیم حاصل کرنے والوں کی کمی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود باصلاحیت افراد کی قدر کی کمی میں کوئی فرق نہیں آیاہے انہوں نے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے ہرکام کو اخلاص کےساتھ کرنے کی نصیحت کی۔ مہمان اعزازی جناب غسان چامنڈی (لیکچرار انجمن پی۔یو کالج)نے طلبہ کو اپنے اساتذہ کی قدر کرنے اور امتحان میں کامیابی کے ساتھ ساتھ مضامین میں قابلیت پیداکرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سابق صدر جناب سید پرویز یس،ایم نے طلبہ کو اپنی اگلی تعلیم کو جاری رکھنے اور قوم وملت کانام روشن کرنے کی ترغیب دی۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب ایڈوکیٹ قاضیا محمد مزمل نے طلبہ سے اُن کی رائے جاننے کی کوشش کی کہ وہ دسویں جماعت سے فراغت کے بعد کن شعبوں کو منتخب کرنا چاہتے ہیں ، پھر انکو مشورہ دیتے ہوئے کہاآپ کوجو پسند ہے اسی شعبہ کو منتخب کریں کسی کو دیکھ کر فیصلہ نہ کریں ساتھ ہی انہوں نے طلبہ کو وکالت کے شعبہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس میدان کو بھی منتخب کرنے کا مشورہ دیا ۔ مولانا شا ہین قمرندوی کے کلمات تشکر ومولاناسیدسالک ندوی کی دعاپرجلسہ بحسن وخوبی اختتام کو پہنچا ۔جلسہ کی نظامت عبدالحفیظ خان ندوی نے کی۔انجمن ہائی اسکول بورڈ سکریٹری سعداللہ رکن الدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔