ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتراکھنڈ کے سابق سی ایم تیرتھ راوت نے اپنی ہی حکومت پر اٹھائے سوال، کہا- پہلے 20 فیصد کمیشن، پھر ہوتا ہے یہاں کام

اتراکھنڈ کے سابق سی ایم تیرتھ راوت نے اپنی ہی حکومت پر اٹھائے سوال، کہا- پہلے 20 فیصد کمیشن، پھر ہوتا ہے یہاں کام

Mon, 14 Nov 2022 21:04:09    S.O. News Service

دہرادون، 14؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور پوڑی لوک سبھا حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ تیرتھ سنگھ راوت اپنی ہی پارٹی کے خلاف جارحانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ وہ پشکر سنگھ دھامی حکومت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ تیرتھ سنگھ راوت کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے، جس میں وہ ریاست میں چل رہے کمیشن گھوٹالے کو بے نقاب کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیشن دیئے بغیر ریاست میں کوئی کام نہیں ہو سکتا۔ ویڈیو میں، بی جے پی لیڈر تیرتھ سنگھ راوت ایک کمرے میں بیٹھے ہوئے ہیں اور ریاست میں چل رہی 'کمیشن خوری' پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی تیرتھ سنگھ راوت نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہاں کوئی بھی کام کمیشن کے بغیر نہیں کرا سکتا۔ انہوں نے کہا، ''اتر پردیش میں کمیشن خوری کا رواج تھا اور بدقسمتی سے اب یہ اتراکھنڈ میں بھی جاری ہے۔ حالانکہ راوت نے کہا کہ اس کے لیے کوئی ایک شخص ذمہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ذہنیت بن چکی ہے۔ یہ تبھی ٹھیک ہو گی جب ہمیں یہ احساس ہو گا کہ یہ ہماری ریاست ہے، ہمارا خاندان ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کا تنازعات سے پرانا رشتہ ہے۔ پچھلے سال مارچ میں راوت نے دہرادون میں ایک ورکشاپ کے دوران پھٹی ہوئی جینز پہننے والی خواتین پر اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، 'آج کل خواتین پھٹی ہوئی جینز پہنتی ہیں۔ ان کے گھٹنے نظر آتے ہیں، یہ کیسے سنسکار ہیں؟ اور یہ سنسکار کہاں سے آ رہے ہیں؟ اس سے بچے کیا سیکھ رہے ہیں اور خواتین معاشرے کو کیا پیغام دینا چاہتی ہیں؟ پھٹی ہوئی جینز ہمارے معاشرے کے ٹوٹنے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ اس کے ذریعے ہم بچوں کو بری مثالیں دے رہے ہیں جو انہیں منشیات کے استعمال کی طرف لے جاتے ہیں۔ اب ہم اپنے بچوں کو 'قینچی سے سنسکار' دے رہے ہیں۔ حالانکہ بعد میں انہوں نے اس بیان پر معافی مانگ لی تھی۔


Share: