سرسی،8؍ جون (ایس او نیوز) ہندو جنا جاگرتی سمیتی کے ریاستی ترجمان موہن گوڈا کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق " ہندو راشٹرا" کے قیام کی کوششوں میں تیزی لانے کے لئے 12 سے 18 جون تک گوا کے پونڈا میں واقع رام ناتھ مندر میں "اکھل بھارتیہ ہندو راشٹرا ادیویشن " منعقد ہوگا۔
میڈیا میں آئی رپورٹ کے مطابق گوڈا نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیت علمائے ہند کے مولانا محمود مدنی نے کھلے عام ہندووں کو دھمکی دی ہے ۔ بھارت کی ہندو اکثریت مسلمانوں کے ساتھ بھائی چارگی کا معاملہ کر رہے ہیں یہ بات انہیں نہیں بھولنی چاہیے ۔ آج کا بھارت چھترپتی شیواجی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہوئے خود کی حفاظت کرنے والا ہے۔"
گوڈا نے اجلاس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں امریکہ کے علاوہ بھارت کی 26 ریاستوں سے 350 سے زائد ہندو تنظیموں کے ایک ہزار سے زائد نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں خصوصی طور پر مسجدوں سے ہونے والی صوتی آلودگی ، حجاب ، ہندووں کا تحفظ ، مندروں کی ثقافت ، تاریخ کی حفاظت اور تبدیلی مذہب جیسے موضوعات پر بحث ہوگی ۔ ہندووں کے اتحاد اور تنظیمی استحکام کے لئے یہ اجلاس رہنما ثابت ہوگا ۔ اس اجلاس میں ملک کی اہم ہندو شخصیات ، سوامی ، سیکڑوں وکلاء اور تاجروں کی شرکت متوقع ہے۔