ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کولکاتا میں بجلی کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی موت

کولکاتا میں بجلی کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی موت

Tue, 16 May 2023 11:06:52    S.O. News Service

کولکاتا، 16/مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی)  اقبال  پور تھانہ حدود  میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بشمول دو خواتین کی کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی۔  واقعہ اتوار کو  اُس وقت پیش آیا جب  ایک کو الیکٹرک شاک لگنے  کے بعد اُسے  بچانے کے لئے  اس کی بیوی اور ساس  آگے بڑھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتوار صبح قریب سارھے  سات بجے  اختر   اپنے گھر کے سامنے لٹکتی ہوئی  لوہے کی تار پر کپڑے سُکھارہا تھا  کہ اچانک اُسے بجلی کا شاک لگ گیا۔  انگریزی اخبار ٹیلی گراف نے پولس کے حوالے سے لکھا ہے  کہ  یہ تار ان کے گھر کے سامنے والی عمارت کی کھڑکی کی گرل اور دیوار کے پائپ کے درمیان معلق  تھی، جس پر کپڑے لٹکانے کے دوران یہ واردات پیش آئی۔

رپورٹ کے مطابق اختر کی چیخیں سن کر، اختر کی ساس، مُنتہا  بیگم(60) اور اختر کی بیوی خیرالنساء ( 40) اس کی مدد کو پہنچیں۔ تاہم اختر کو  چھونے پر، وہ  دونوں بھی زمین پر گر گئے اور ہوش کھو بیٹھے۔

تینوں کو ایس ایس کے ایم اسپتال لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ماں اور بیٹی کو مردہ قرار دے دیا۔کچھ دیر بعد اختر نےبھی اسپتال میں دم توڑ دیا۔

پولیس کو شک ہے کہ علاقے میں بجلی چوری کی غرض سے وہ تار لٹکائی گئی تھی  اور کپڑے سُکھانے کےوقت اُس میں بجلی دوڑ رہی تھی۔ ایک اور میڈیا  رپورٹ کے مطابق  تین لوگوں کی بجلی کا جھٹکا لگ کر ہلاک ہونے کی اطلاع ملتے ہی  کلکتہ الیکٹرک سپلائی کارپوریشن لمیٹیڈ ( CESC)کے حکام نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور المناک حادثے کے لئے ذمہ دار سمجھے جانے والے کیبل کی جانچ کی۔

بدقسمت اموات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئےCESC نے ان کے پاور لائن میں خرابی کی وجہ سے واقعہ ہونے کے امکان کو مسترد کردیا۔ ایک اہلکار نے  بتایا، "چونکہ ہمارا نیٹ ورک اس علاقے میں زیر زمین ہے، باقی شہر کی طرح، ہماری لائن میں لیکیج کی وجہ سے بجلی کا کرنٹ لگنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔" اہلکار نے مزید بتایا کہ علاقے میں  متعدد لٹکتی ہوئی تاریں، چوری یا چوری کا امکان پیدا کرتی ہیں۔

تاہم، مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر  بجلی کے تار لٹکتے ہوئے پائے جاتے ہیں  اوریہاں  ٹیپنگ  کا رواج  عام ہیں جس کی وجہ سے  یہاں کے عوام  اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔ عوام نے CESC پر زور دیا ہے  کہ وہ اس علاقے میں لٹکتی تاروں کے تعلق سے مناسب  کارروائی کریں۔


Share: