ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور معروف سینئر وکیل ظفریاب جیلانی انتقال کرگئے؛ بورڈ کی طرف سے تعزیتی پیغام

مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور معروف سینئر وکیل ظفریاب جیلانی انتقال کرگئے؛ بورڈ کی طرف سے تعزیتی پیغام

Wed, 17 May 2023 12:55:30    S.O. News Service

لکھنؤ، 17/مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اور معروف  سینئر وکیل  ظفریاب جیلانی لکھنؤ میں انتقال کرگئے۔ وہ 73 سال کے تھے۔ خبررساں ادارے پی ٹی آئی   کی رپورٹ کے مطابق ظفریاب   جیلانی  کے  فرزند  نے بتایا کہ ان کے کے والد نے لکھنؤ کے نشاد اسپتال میں منگل  صبح تقریباً 11.50 بجے اپنی  آخری سانس لی۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

ظفریاب جیلانی  بابری مسجد معاملہ میں وکیل تھے وہ اتر پردیش کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ نظم نے بتایا کہ ان کے والد کی تدفین شام کو ہی  لکھنؤ کے عیش باغ قبرستان میں کی جائے گی۔ خیال رہے کہ ظفریاب جیلانی 1972 سے قائم شدہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری تھے۔ انہیں مئی 2021 میں برین ہیمرج کی وجہ سے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور وہ کورونا سے بھی متاثر ہوئے تھے۔

سال 2021 میں میدانتا لکھنؤ کے نیورو سرجن کی ٹیم نے کامیاب سرجری کر کے ان کے دماغ سے جمے ہوئے خون کے تھکّے کو ہٹایا دیا تھا، پھر انھیں ونٹی لیٹر پر آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ ظفریاب جیلانی کی طبیعت بعدمیں  بہتر ہونے پراُنہیں اسپتال سے ڈسچارج   کیا  گیا تھا۔

 پرسنل لاء بورڈ جنرل سکریٹری کی طرف سے تعزیتی پیغام
مرحوم ظفریاب جیلانی کے انتقال پر  آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا خالدسیف اللہ رحمانی نے تعزیتی بیان  جاری کرتے ہوئے  کہا کہ جناب ظفریاب جیلانی صاحب مرحوم کی وفات ملت اسلامیہ کے لیے بڑا حادثہ اور بورڈ کا نقصان ہے، اللہ نے ان کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازاتھا،وہ زمانہ طالبعلمی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے، انہوں نے بابری مسجد مقدمہ میں بہتر طور پر مسلمانوں کے موقف کو پیش کیا، وہ بورڈ کی میٹنگوں میں بہت بہتر طور پر عدالتی اور قانونی مسائل کو پیش کیا کرتے تھے اور تمام حلقوں میں ان کی آراء کو بڑی اہمیت دی جاتی تھی، وہ بورڈ کے قدیم ترین رفیق اورسکریٹری تھے، اس کے علاوہ کئی اہم تعلیمی اداروں کے ذمہ دار تھے، قانونی خدمت کے ساتھ ساتھ وہ تعلیم کے میدان میں بھی بڑی خدمت انجام دے رہےتھے اور وہ مختلف جہتوں  سے ملت کی خدمت انجام دے رہےتھے ،ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے ،درجات کو بلند کرے اور ملت کو ان کابدل عطا فرمائے۔آمین
 


Share: