ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیو سینا لیڈرسنجے راوت کی ضمانت منظور

شیو سینا لیڈرسنجے راوت کی ضمانت منظور

Wed, 09 Nov 2022 20:11:26    S.O. News Service

ممبئ،9؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ممبئی کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے بدھ کے روز ممبئی کی ایک چال کی تعمیر نو میں مبینہ اقتصادی گھپلے بازی کے الزامات کے تحت منی لانڈرنگ کیس معاملے میں گرفتار شعلہ بیان مقرر شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ ضمانت منظور ہونے سے سینا کے اودھو ٹھاکرے خیمہ میں جشن کا ماحول ہے۔

خصوصی پی ایم ایل اے عدالت کے روبرو اس ضمن میں دفاع اور استغاثہ کی بحث کا 2 نومبر کو اختتام ہوا تھا جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا اور آج اس کیس میں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سنجے راوت کی ضمانت کی عرضی کو منظور کر لیا۔

اودھو ٹھاکرے خیمہ کے ’’پرپ کا اِکہ‘‘ کہے جانے والے سنجے راوت کی گرفتاری کے سو دنوں بعد آج شام جیل سے ان کی رہائی متوقع ہے۔ ممبئی کی آرتھر روڑ جیل میں قید راوت کی درخواست ضمانت عدالت نے اس سے قبل مسترد کر دی تھی جس کے سبب امسال دیوالی بھی انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنی پڑی تھی۔

یاد رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے راوت کو ماہ اگست میں گرفتار کیا تھا۔ خصوصی پی ایم ایل عدالت کے جج ایم جی دیشپانڈے نے اپنے یک سطری حکم نامہ میں سنجے راوت اور انکے ساتھی ملزم پروین راوت کو بھی ضمانت دئے جانے کا اعلان کیا جبکہ حکم کی تفصیلی نقل بعد میں دستیاب ہوگی۔

درخواست ضمانت کی استغاثہ نے سخت لفظوں میں اس کی مخالفت کی تھی اور عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم کے خلاف پختہ ثبوت موجود ہیں۔ لہٰذا اسے ضمانت نہ دی جائے۔ اپنی درخواست ضمانت میں راوت نے ان پر عائد تمام الزامات سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے ہیں اسکی نوعیت دستاویزات پر مبنی ہے نیز جہاں تک رقوم کے لین دین کا سوال ہے اسکی تفصیلات بینک سے حاصل کی جا سکتی ہے نیز ایک طویل مدت سے وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے اور انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے جسے آج عدالت نے منظور کر لیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق راوت کو ضمانت دئے جانے والے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی جا سکتی ہے تاکہ ضمانت منسوخ ہو سکے۔


Share: