ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شموگہ میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز خطاب کا معاملہ - پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے خلاف درج ہوئیں شکایتیں  

شموگہ میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز خطاب کا معاملہ - پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے خلاف درج ہوئیں شکایتیں  

Wed, 28 Dec 2022 12:38:42    S.O. News Service

بنگلورو ،28 ؍دسمبر (ایس او نیوز)  کرناٹکا دورے کے موقع پر شیموگہ میں مسلمانوں کے تعلق سے توہین اور اشتعال انگیز خطاب  دینے والی بی جے پی رکن پارلیمان  پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے خلاف پولیس میں شکایتیں درج کروائی گئی ہیں ۔
    
مالیگاوں بم دھماکہ کی ملزمہ اور بھوپال کی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے خلاف تحسین پونا والا نامی ایک سرمایہ دار اور سیاسی تجزیہ نگار نے  سوشیل میڈیا کے ذریعہ شیموگہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جی کے متھن کمار کے پاس شکایت درج کرواتے ہوئے اس کی نقل وزیر اعلیٰ بسوواراج بومئی کو روانہ کی  ہے ۔ 
    
دوسری شکایت ترنمول کانگریس لیڈر ساکیت گوکھلے نے پولیس سپرنٹنڈنٹ متھن کمار کے پاس درج کروائی ہے ۔ 
    
خیال رہے کہ ہندو جاگرن ویدیکے کی طرف سے جنوبی ژون کا جو سالانہ کنوینشن شیموگہ میں ہوا تھا اس میں شرکت کرنے اور کلیدی خطاب کرنے والی پرگیہ  سنگھ ٹھاکور نے  مسلمانوں کے خلاف ہندووں کو اکسانے اور انہیں لوجہاد کے خلاف اسی طرز پر مہم چلانے، گھروں میں ہتھیار رکھنے اور ہندو لڑکیوں کو چلتے پھرتے ایٹم بم کی شکل میں تربیت دینے کی بات کہی تھی ۔ 
    
ہرشاہ نامی جس ہندو نوجوان کا قتل ہوا تھا اس کے گھر جا کر تعزیت کرنے کے بعد  اس نے کہا تھا کہ   ہندووں کو گھروں میں ہتھیار رکھنا چاہیے یا کم از کم ترکاری کاٹنے والی چھریوں کو سان چڑھا کر تیز کر لینا چاہیے کیونکہ ہمارے ہرشا کو انہوں نے چاقو سے قتل کیا تھا ۔ ہمارے چاقو ترکاریاں کاٹ سکتے ہیں تو وہ ہمارے دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا کرنے میں کام آ سکتے ہیں ۔
    
پولیس کے پاس درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکور کی تقریر مسلمانوں کے خلاف ہندووں کو ہتھیار اٹھانے کی کھلے عام دعوت ہے ۔ اس  کے  خطاب سے ایک مخصوص طبقے کے خلاف نفرت، دشمنی اور تشدد کا ماحول پیدا ہونے کے پورے امکانات ہیں اور اس طرح کی تقریر کرنا مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل ہے ۔
    
کانگریس لیڈر پریانک کھرگے نے اس معاملہ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا : یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک رکن پارلیمان کی جانب سے اس طرح کی بات کہی جا رہی ہے ۔ پرگیہ  سنگھ ٹھاکور دہشت گردی کی ایک ملزمہ ہے ۔ میں سمجھ نہیں پا رہا ہوں کہ کرناٹکا میں اس طرح کے ماحول کو کیوں ہوا دی جا رہی ہے ۔ ہم لوگ بھی پرگیا سنگھ ٹھاکور کے خلاف شکایت درج کروائیں گے ۔
    
کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے کہا کہ یہ ایک کھلی منافرت پھیلانے والی تقریر کا معاملہ ہے ۔ ہم پرگیہ سنگھ ٹھاکور کے خلاف سپریم کورٹ میں جائیں گے اور وہاں کیس درج کروائیں گے ۔ چونکہ اسمبلی انتخابات قریب ہیں اس لئے کرناٹکا پولیس بی جے پی رکن پارلیمان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے ۔ 
    
اس سے پہلے اخباری نمائندے کے سوال پر پولیس سپرنٹنڈنٹ کے جی متھن کمار نے کہا تھا  کہ: پولیس از خود یعنی سوو موٹو کیس دائر نہیں کرے گی ۔ ابھی تک ہمیں رکن پارلیمان کے خلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔ اگر کوئی متاثرہ شخص شکایت داخل کرے گا تو ہم کیس درج کریں گے۔


Share: