وڈودرا 25/اکتوبر (ایس او نیوز) گجرات کے وڈودرا شہر میں دیوالی کی شب فرقہ ورانہ کشیدگی اور تصادم آرائی کے بعد پولس نے 19 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق فرقہ وارانہ تصادم پیر رات شہر کے پانی گیٹ علاقہ میں ہوا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق وڈودرا پولیس کے ڈپٹی کمشنر یشپال جگانیا نے بتایا ’’تشدد کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ جیسے ہی پولیس کو واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی، شہر بھر کے اہلکاروں کو موقع پر روانہ کیا گیا اور صورت حال کو قابو کیا گیا۔ گھر کی چھت سے پٹرول بم پھینکا گیا تھا، اس سلسلہ میں گرفتاری کی گئی ہے۔
عہدیداروں کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ تصام سے قبل اسٹریٹ لائٹ کاٹ دی گئی تھی، جس کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ ایک مقامی رہائشی کے مطابق تصام ایک کالج کے نزیدک پٹاخہ پھوڑنے کو لے کر ہونے والے جھگڑے کے بعد شروع ہوا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے یشپال جگانیہ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پیر کی رات شہر کے پانی گیٹ علاقے میں مسلم میڈیکل سینٹر پر پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے اور عینی شاہدین کے بیانات لیے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے اس ماہ کی 3 تاریخ کو بھی وڈودرا میں فرقہ وارانہ فساد ہوا تھا۔ اس وقت ایک مندر کے نزدیک بجلی کے کھمبے پر عید میلاد النبی کا جھنڈا لگانے کے بعد جھگڑا ہوا تھا۔