بھٹکل 17 اپریل (ایس او نیوز) تعلیمی میدان میں گرانقدرخدمات انجام دینے والے اوربطوراستاد مربی، نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت میں اہم کردارادا کرنے والی معروف شخصیت جناب ایس ایم سید عبدالرحمن باطن عرف باطن ماسٹر آج 26 رمضان المبارک بروز پیرانتقال کرگئے۔ انا للہ و اناالیہ راجعون۔ ان کی عمر 84 سال تھی۔
انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر کےساتھ ساتھ انجمن ہائی اسکول بورڈ سکریٹری کے طور پر آپ نے قوم و ملت کے نونہالوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا، اس سے قبل آپ نے اسلامیہ اینگلواُردو ہائی اسکول میں تدریسی خدمات بھی انجام دی، جبکہ آپ بھٹکل جماعت المسلمین کے نائب صدر کے عہدہ پر بھی فائزرہے۔ بھٹکل کی مقامی نائطی زبان کو فروغ دینے کے لئے قائم نوائط محفل کے آپ بنیادی ممبر رہے، شعرو سخن میں بھی آپ نے کافی نام کمایا یہاں تک کہ انجمن کا ترانہ "انجمن انجمن" جو آپ نے کافی عرصہ پہلے لکھا تھا، انجمن کے صد سالہ جشن کے موقع پر بے حد مقبول ہوا۔
پتہ چلا ہے کہ مرڈیشور میں جب 1973 میں نیشنل ہائی اسکول کی شروعات ہوئی تو جناب عبدالرحمن باطن صاحب کو ہیڈماسٹر کی ذمہ داری سونپی گئی۔ یہاں دوسال آٹھ ماہ تک خدمات انجام دینے کے بعد اُڈپی کی ایک کالج میں بطور پرنسپال آپ کا تقرر ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ آپ نے دبئی اور سعودی عربیہ میں بھی تدریسی خدمات انجام دیں۔ آپ کے پڑھانے اور سکھانے کا اندازنہایت بہترین تھا۔ آپ ایم اے اور بی ایڈ بھی تھے اور غالباً بھٹکل کے پہلے بی ایڈ ہونے کا اعزاز آپ کو حاصل تھا۔
جناب باطن ماسٹرصاحب گذشتہ دو تین ماہ سے نہایت کمزور تھےاور گھر سے باہر نہیں نکلتے تھے، رمضان کے اس مقدس اور بابرکت ماہ میں آپ کو اللہ رب العزت کا بلاوا آیا اور وہ لبیک کہہ گئے۔ اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے، آپ کی خدمات کوقبول فرمائے۔ جملہ پسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ اٰمین
باطن صاحب کے انتقال پرقائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن سمیت انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب قاضیا محمد مزمل، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندی، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدرجناب مصباح محمد فاروق، سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن مُنیری، بھٹکل مسلم کمیونٹی جدہ کے صدرجناب عبدالسلام دامدا ابو، نائب صدرعبیداللہ عسکری، جنرل سکریٹری عبدالمعزجوکاکوودیگر کافی ذمہ داران نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور گھروالوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم باطن ماسٹر صاحب کے لئے مغفرت کی دعائیں کی ہیں۔