اڈپی:گروپرساد بھٹ قتل کے تمام ملزمین گرفتار
اڈپی 31؍جولائی (ایس او نیوز) منی پال میں تفریحی کلب کے مالک گروپرساد کو چاقو گھونپ کر ہلاک کرنے والے کلیدی ملزم رنجیت پنٹو(۳۷سال) کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ اس سے پہلے پولیس نے قتل کے بعد ماروتی اومنی میں فرار ہورہے تین ملزمین کو قتل میں استعمال کیے گئے چاقو سمیت کنڈلور چیک پوسٹ پر گرفتار کرلیا تھاجس میں رنجیت پنٹوکابھائی سجیت بھی شامل ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ رنجیت اور سجیت کا مقتول گروپرساد بھٹ کے ساتھ مالی لین دین تھا۔اس سلسلے میں رنجیت نے جب گروپرساد سے فون پر رابطہ قائم کیاتو مبینہ طور پر گروپرساد نے پنٹو برادران کی ماں کے سلسلے میں بہت ہی گندی گالیاں دیں۔ اس سے مشتعل ہوکر دونوں بھائیوں نے مزید دو لوگوں کے ساتھ مل کر گروپرساد کو جان سے مارڈالنے کا منصوبہ بنایا اور اس پر عمل کرتے ہوئے منی پال کے سیونتھ ہیون ہوٹل بلڈنگ میں واقع تفریحی کلب میں گھس کر گروپرساد کو قتل کر ڈالا۔
بتایاجاتا ہے کہ سجیت اوررنجیت پنٹو برادران ملپے، برہماور اور ہیری اڈکا پولیس اسٹیشنوں میں بدنام غنڈوں کی فہرست میں شامل ہیں ۔سجیت ہیری اڈکا میں 19دسمبر 2017کو ہوئے ایک قتل میں بھی ملزم ہے۔ پولیس نے ان دو ہسٹری شیٹر بھائیوں کے خلاف غنڈہ ایکٹ لاگو کرنے کی کوشش کی تھی، مگر پولیس کا یہ اقدام عدالت میں ناکام ہوگیا۔
ضلع ایس پی لکشمن نمبرگی نے بتایا کہ بظاہرگروپرسادبھٹ قتل معاملے کے تمام ملزمین گرفتار ہوچکے ہیں۔ گرفتار ملزمین سے پولیس کسٹڈی میں تفتیش جاری ہے۔ اگر اس دوران مزید کسی کے شامل ہونے کی بات معلوم ہوتی ہے تو پھر اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔