اڈپی چترنجن سرکل پر نہیں ہوگی کسی بھی قسم کے مظاہرے کی اجازت۔ ڈپٹی کمشنرنے لگائی پابندی
اڈپی16؍نومبر (ایس او نیوز)اُڈپی کے چترنجن سرکل پراب ضلع کی ڈپٹی کمشنر نے ہر طرح کے مظاہروں اور جشن وغیرہ پر پابندی عائد کردی ہے۔
واضح رہے کہ شہر اڈپی کے قلب میں واقع چترنجن سرکل سیاسی اور سماجی تنظیموں کے لئے احتجاجی مظاہروں اور عوامی جلسوں کا سب سے معروف اور پسندیدہ مقام ہے۔ لیکن چونکہ یہاں قریب ہی میسکام دفتر، ہیڈ پوسٹ آفس، اسپتال، مندر کے علاوہ تجارتی مراکز کی بھرمار بھی ہے، اس وجہ سے عوامی چہل پہل کے ساتھ ساتھ ٹریفک بھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔منی پال جانے والی گاڑیوں کو بھی اسی سرکل سے ہوکر گزرنا پڑتا ہے۔
ایسی صورت میں یہاں باربار ہونے والے احتجاجی مظاہروں او ردھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے کافی غور و خوض کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا کہ یہاں ہر طرح کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی جائے، اس تعلق سے ڈپٹی کمشنر پریانکا میری نے عوامی ہجوم والے اس مقام پر آئندہ ہر طرح کے مظاہرے اور دھرنے پر پابندی لگادی ہے۔
آئندہ عوامی احتجاج کے لئے صرف ڈسٹرکٹ آفس کے احاطے کے باہر’ستیہ گرہ کٹے‘کو استعمال کرنے کی سہولت عوام کو حاصل رہے گی۔