مینگلور کے قریب اُلال سمندر میں دو نوجوان غرقاب؛ ایک کی لاش برآمد دوسرے کی تلاش جاری
مینگلور 28/جون (ایس او نیوز) قریبی علاقہ اُلال میں بحر عرب کی اونچی اُٹھتی موجوں کے ساتھ کھیلنے کے دوران دو نوجوان غرقاب ہوگئے، جس میں سے ایک کی لاش برآمد کرلی گئی ہے ، البتہ دوسرا سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔ حادثہ آج بدھ کی صبح پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ضلع ٹمکور کے شیرا تعلقہ سے اُلال درگاہ کی زیارت کے لئے جملہ دس لوگوں کا ایک گروپ آیا تھا، زیارت کے بعد سمندر کی سیر کے لئے سبھی پہنچے، اس درمیان یہ لوگ سمندر میں تیرتے ہوئے موجوں سے کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک ضدی موج نے تین لوگوں کو اپنے حصار میں لے لیا، بتایا گیا ہے کہ ایک نوجوان اپنا بچائو کرتے ہوئے کنارے تک آنے میں کامیاب ہوگیا، البتہ دیگر سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگئے۔ غرق ہونے والے 19 سالہ دونوں نوجوانوں کی شناخت آیاز اور شاہ رُخ کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس میں سے ایک کی لاش برآمد کرلی گئی ہے، البتہ فوری طور پر اُس کا نام معلوم نہ ہوسکا۔ دوسرے کی تلاش ہنوز جاری ہے۔