یو ٹی قادر کا گھیراؤ کا منصوبہ ناکام، بی جے پی کارکنان کو لوٹنا پڑا خالی ہاتھ
منگلورو 27 ؍فروری (ایس او نیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر سیتا رام بنگیرا کے تہنیتی اجلاس میں وزیر غذا یو ٹی قادر کی شرکت کے مدنظر بی جے پی کے کارکنان نے ان کا گھیراؤ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ سو سے زاید کارکنان اجلاس کے مقام پر کالے جھنڈوں اور نعرے بازی کے ساتھ قادر کا انتظار کرتے رہے۔ پولیس نے بھی خاصہ بندوبست کر رکھا تھا۔ لیکن جب وزیر موصوف نے اس پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو پھر مظاہرہ اور گھیراؤکا منصوبہ بنانے والے بی جے پی کارکنان کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔
خیال رہے کہ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کی منگلورو ہم آہنگی ریالی میں شرکت کی مخالفت کرنے والوں کے بارے میں یوٹی قادر نے کہا تھا کہ وہ لوگ پینا رائی وجیانن کی جوتیوں کے بھی برابر نہیں ہیں۔اس پر بی جے پی کارکنان اور لیڈران برہم ہوگئے ہیں۔اس موقع پر بی جے پی کے لیڈر سنتوش کمار رائے بولیارنے یو ٹی قادر کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ وزیر موصوف کوغیر مشروط معافی مانگنی چاہیے۔