پڈوبدری میں بائک سے گرنے والی نوجوان لڑکی کو ٹرک نے کچل دیا!
اڈپی، 28؍مئی (ایس او نیوز)پڈوبدری کے قریب پیش آنے والے ایک دردناک حادثے میں نوجوان لڑکی اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جب بائک کی پچھلی سیٹ سے اچھل کر گرتے ہی قریب سے گزرنے والے ایک ٹرک نے اسے کچل دیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کرشناپور کی شیبا (۱۸سال) نامی لڑکی محمد مبشرکے ساتھ منگلورو کے ایک کالج میں بی فارما کا داخلہ لینے کے لئے بائک پر سوار ہوکر گئی تھی۔ واپسی پر وہ دونوں کاپ کے ساحل پر سیر کے لئے گئے۔ جب وہ واپس گھر کی طرف لوٹ رہے تھے تو محمد مبشرنے ایک دوسری بائک کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور پھر اچانک زوردار طریقے سے بریک لگادئے۔ پچھلی سیٹ پر سوار شیبا جھٹکا برداشت نہ کرسکی اور اچھل کر سڑک کے ڈیوائڈر سے اُس پار گر گئی۔ اسی وقت وہاں سے گزرنے والا ٹرک اس کے پیروں پر سے گزرگیا۔ شدید زخمی حالت میں فوری طور پر شیبا کومنگلورو اسپتال منتقل کیاگیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکی۔مبشر کے خلاف پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔