سوشیل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹنگ: ملزم کی گرفتاری
موڈبیدرے:9؍نومبر (ایس او نیوز)فیس بک پر کئی ایک جعلی اکاؤنٹس بنا کر فرقہ وارانہ فسادات کومشتعل کرنےو الے پیغامات پوسٹ کرنے اور ایک صنعت کار کو قتل کی دھمکی دینے والے معاملے میں ایک ملزم کو موڈبیدرے پولس نے گرفتارکیا ہے۔
سُلیا تعلقہ بیلارے کا مکین ابراہیم خلیل ہی گرفتارشدہ ملزم ہے۔ ملزم دبئی میں برسرروزگار ہے۔ وہیں سے فیس بک پر کئی ایک نقلی کھاتوں کو بنا کر فرقہ وارانہ اشتعال بھڑکانے والے پیغامات پوسٹ کرنےکی بات کہی جارہی ہے۔ اس کا پتہ لگانے والے یہاں کے بیوپاری عبدالطیف کو ابراہیم خلیل نے قتل کی دھمکی دئیے جانے کے متعلق 25جولائی کو موڈبیدرے پولس تھانےمیں کیس درج کیا گیا تھا۔
ملزم دبئی میں مقیم رہنے کی وجہ سے پولس کوکارروائی کرنا ممکن نہیں ہوپارہاتھا۔ اب ملزم ابراہیم خلیل چھٹی پر31اکتوبر کو اپنے گاؤں لوٹنے کی اطلاع ملی۔ موڈبیدرے پولس کی ٹیم نے سلیا میں ملزم کو گرفتار کرنےکے بعد عدالت میں پیش کیا ۔ جہاں اس کو عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔