مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی آج بنگلور آمد؛ آپریشن کمل کے جواب میں بی جے پی اراکین کے استعفوں کے خدشے؛ کیا اُلٹی پڑگئیں تدبیریں ؟
بنگلورو۔17؍ستمبر(ایس او نیوز) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ منگل کو بنگلور دورہ پر آرہے ہیں۔ حالانکہ بنگلور میں ان کا کوئی سرکاری پروگرام نہیں ہے، لیکن کہا جارہاہے کہ مخلوط حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی کی کوششوں کی مسلسل ناکامی کے بعد اس سلسلے میں ریاستی قائدین کو چند ہدایات دینے کے لئے وزیر داخلہ کا یہ دورہ ہورہاہے۔
اس دوران ان خدشات کے درمیان کہ کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد کی طرف سے پانچ تا دس بی جے پی اراکین اسمبلی کو مستعفی ہونے کے لئے راضی کرلیا جاچکا ہے۔ بی جے پی اپنے سبھی اراکین اسمبلی کو کسی ریسارٹ منتقل کرنے پر غور کررہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ مرکزی وزیر داخلہ اس ریسارٹ میں پہنچ کر اراکین اسمبلی سے مخاطب ہوں گے اور بی جے پی کی مرکزی قیادت کی طرف سے انہیں پیغام دیں گے کہ کسی بھی حال میں انہیں پارٹی چھوڑ کر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس دوران یہ بھی بتایاجارہاہے کہ راجناتھ سنگھ نے ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپاکو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی حال میں بی جے پی کے کسی بھی رکن اسمبلی کو آپریشن ہاتھ کا شکار ہونے کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔ حکمران اتحاد کی طرف سے بی جے پی کے اراکین اسمبلی کا شکار کئے جانے کی رپورٹوں کے درمیان کل طے شدہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ کو بھی بے مدت ملتوی کردیا گیا ہے۔