ٹمکور29/اگست (ایس او نیوز) ضلع کے سِرا تعلقہ میں دوبسوں کی ٹکر میں ضلع اُترکنڑا کےسب انسپکٹر سمیت جملہ چار لوگوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ منگل کو سِرا تعلقہ کے کلّم بیلا پولس تھانہ حدود میں پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق بنگلور۔پونے نیشنل ہائی وے 48 پر حادثہ اُس وقت پیش آیا جب پرائیویٹ بس ، سرکاری بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں اُسی بس سے ٹکراگیا۔
مرنے والوں میں ضلع اُترکنڑا کے انکولہ سے تعلق رکھنے والے ریزرو پولس سب انسپکٹر رمیش پی نائک بھی شامل ہیں، جن کی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے کے دوران موت واقع ہوگئی۔ دیگر ہلاک ہونے والوں کی شناخت نکھیتا (27)، پرائیویٹ بس ڈرائیور دھن راج (54) اور دھارواڑ کا ایک مسافر دیپک (40) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دیپک سرکاری بس پر سفر کررہا تھا، جبکہ دیگر تین مہلوک پرائیویٹ بس پر سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق مہلوک سب انسپکٹر رمیش پی نائک کاروار میں ضلع اُترکنڑاسپرنٹنڈنٹ آف پولس کی کار کے ڈرائیونگ کے کام پر مامور تھے
پولس نے بتایا کہ دونوں بسیں بنگلور جارہی تھیں، جس کے دوران سرکاری بس کو اوورٹیک کرنے کی دھن میں پرائیویٹ بس بے قابو ہوگئی اور سرکاری بس کو ایک کنارے سے ٹکر دے دی۔
زخمیوں کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ اُن کو مقامی اسپتال سے مرہم پٹی کرائی گئی ہے اور سبھوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
سِرا کے مضافاتی پولس تھانہ کے انسپکٹر سدرشن جو رات کے گشت پر تھے، حادثے کی اطلا ع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرایا۔
کلم بیلّا پولس تھانہ میں حادثے کے تعلق سے شکایت درج کی گئی ہے۔