بھٹکل شمس اسکولوں کا 47واں سالانہ جلسہ :ابوالخیر اور عاصم خیال کو نجم ِ اخوان گولڈ میڈل
بھٹکل:23؍ڈسمبر (ایس او نیوز) تربیت ایجوکیشن سوسائٹی بھٹکل کے شمس انگلش میڈیم اسکول (ریاستی نصاب)کے ہونہار طالب علم ابوالخیر ابن عبدالمجید بنگالی اور نیو شمس اسکول (آئی سی ایس ای بورڈ) کے متعلم عاصم عبدالودود خیال کو سال 2018-2019کے گولڈ میڈل ’’نجمِ اخوان ‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سید علی کیمپس میں منعقدہ 47ویں سالانہ جلسہ میں طلبا کی ہمہ جہت ترقی کی بنیاد پر ہر سال دئیےجانےو الے نجم اخوان ایوارڈ کو طلبا برادری میں کافی اہمیت ہوتی ہے۔ جس کے لئے طلبا پڑھائی، کھیل ، ثقافتی پروگرام وغیرہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہتے ہیں۔ دونوں طلبا کو ایوارڈ سے نوازنےکے بعد مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتےہوئے مہمان خصوصی کے طور پر شریک دبئی کے بزنس مین شموئیل بھالی نے تعلیم کو معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے طلبا کو تلقین کی کہ وہ معیاری اور اخلاقی تعلیم کے ذریعے آگے بڑھیں۔
ادارے کے نائب صدر انجنئیر نذیر احمد قاضی نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم طلبا کے مستقبل کی زندگی میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ طلبا کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی شخصیت سے آگاہ رہیں، تعلیم ایک مثلث کی مانند ہے جس میں اساتذہ، والدین اور طلبا کا یکساں رول رہتاہے۔ تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے فائنانس سکریٹری ڈاکٹر اویس خواجہ رکن الدین نے جلسہ کی صدارت کی۔
شمس انگلش میڈیم اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد رضامانوی نے استقبال کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ سکریٹری محمد طلحہ سدی باپا نے اسکول رپورٹ کی خواندگی کی ۔ اسکول کے طلبا ابوالخیر اور نادر ائیکری نے جلسہ کی نظامت کی۔ اسکول بورڈ چیرمن قادر میراں پٹیل ایس کے صلاح الدین، پی آر اؤ عزیز الرحمن رکن الدین ندوی ، مولوی حافظ عبدالغنی رکن الدین، سید شکیل ایس ایم، سید یوسف ریان برماور، بلال رکن الدین، شمس الومنی کے محمد نوح وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔