ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملپے، سورتکل، مرونتے سمندر میں غرقابی کے تین واقعات - ایک کی حالت نازک ، دو نوجوان لاپتہ

ملپے، سورتکل، مرونتے سمندر میں غرقابی کے تین واقعات - ایک کی حالت نازک ، دو نوجوان لاپتہ

Sat, 04 Oct 2025 11:15:48    S O News
ملپے، سورتکل، مرونتے سمندر میں غرقابی کے تین واقعات -  ایک کی حالت نازک ، دو نوجوان لاپتہ

اڈپی ،4/ اکتوبر (ایس او نیوز) گزشتہ دو دن کے اندر سورتکل، ملپے اور مرونتے ساحل پر سمندری موجوں سے کھیلنے کے دوران غرقابی کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے جس میں کچھ نوجوان سیاحوں کو بچا لیا گیا جبکہ ایک نوجوان تشویشناک حالت میں زیر علاج اور دو نوجوان سیاح غرقابی کے بعد لا پتہ ہوگئے ہیں۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق ملپے ساحل پر کل جمعہ کی شام کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ہاسن کے دو نوجوان سیاح جو تیراکی کے لیے سمندر میں اترے تھے، موجوں کے تیز بہاو میں پھنس گئے ۔ ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا جس کی حالت تشویشناک ہے جبکہ اس کا دوسرا ساتھی لاپتہ ہے اور اسے  تلاش کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں ۔
    
سمندر میں ڈوبنے سے جس کو بچا لیا گیا ہے اس کا نام ششانک (22 سال) ہے اور لاپتہ ہونے والے کی شناخت متھن (20 سال)  کے طور پر کی گئی ہے ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ ہاسن سے 7 نوجوانوں کی ایک ٹیم سیاحت کے لئے ملپے ساحل پر آئی تھی ۔ سمندری موجوں کے ساتھ کھیلنے کے دوران یہ نوجوان تیز لہروں کا شکار ہوگئے ۔ نوجوانوں کو پانی میں ڈوبتے ہوئے دیکھ کر جائے وقوعہ پر موجود لائف گارڈز اورچوکس سیاح مدد کے لئے دوڑ پڑے اور متھن کو چھوڑ کر بقیہ نوجوانوں کو بچانے میں کامیاب ہو گئے ۔ ان میں سے ششانک کی حالت تشویشناک تھی جسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے ۔ تاہم متھن کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ اس کا سراغ لگانے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔

اس واقعہ کے پس منظر میں ساحل سمندر کی حفاظت کے انتظام میں مبینہ لاپروائی پر اڈپی ضلع انتظامیہ پر کڑی تنقید شروع ہوگئی ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دسہرہ کی تعطیلات کے دوران بڑے پیمانے پر سیاحوں کی آمد کے باوجود حالیہ واقعہ کے وقت ملپے بیچ پر صرف تین لائف گارڈز تعینات تھے ۔

حیران کن طور پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ وہاں موجود لائف گارڈز میں تیراکی کی بنیادی مہارتوں کی کمی تھی ۔ اس سے ساحل سمندر کے حفاظتی اقدامات کی افادیت کے بارے میں سنگین خدشات پیدا ہوئے ۔ 
    
سیاحوں اور مقامی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اتنے اہم سیاحتی مقام اور کثیر تعداد میں سیاحوں کی آمد والے ساحل پر اتنے ناقص عملہ کو ناقص تیاریوں کےساتھ کیسے رکھا گیا ہے ۔  ضلع انتظامیہ کی جانب سے واٹر اسپورٹس کی سرگرمیوں کی معطلی کے بعد مزید تنقید سامنے آئی ہے ۔  کہا جاتا ہے کہ متعدد پیشہ ور لائف گارڈز جو پہلے پانی کے کھیلوں کی نگرانی کے لیے ملازم تھے وہ سب اپنے آبائی شہروں کو واپس چلے گئے ہیں، اور سال کے مصروف ترین اوقات میں ساحل سمندر کو بڑی حد تک بغیر نگرانی کے چھوڑ دیا گیا ہے ۔

ضلع انتظامیہ سے عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ ساحل سمندر کی حفاظت کے بنیادی ڈھانچے کو فوری طور پر اپ گریڈ کرنے کے ساتھ تربیت یافتہ اور سرٹیفائیڈ لائف گارڈز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور سیاحتی موسموں کے دوران سخت نگرانی کے پروٹوکول کو نافذ کیا جائے ۔

سورتکل سمندر میں ایک نوجوان بہہ گیا :سمندر میں غرقابی کا دوسرا واقعہ سورتکل میں پیش آیا جہاں سمندری موجوں سے کھیلنے کے دوران تین نوجوان تیز موجوں کا شکار ہوگئے لیکن ان میں سے دو کسی طرح کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے مگر بسوا راجو (22 سال) نامی نوجوان سمندر میں لاپتہ ہوگیا ۔ جان بچانے میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں کی شناخت روی اور سدھو کے طور پر کی گئی ہے ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ مقامی لوگوں نے ان نوجوانوں کو سمندر میں اترنے سے منع کیا تھا مگر موج مستی کے شوق میں انہوں نے مقامی لوگوں کی ہدایت پر دھیان نہیں دیا ۔ سورتکل پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ۔

مرونتے ساحل پر دو طالب علموں کو بچا لیا گیا :سمندر میں ڈوبنے کا تیسرا معاملہ مرونتے ساحل پر پیش آیا جہاں دو طالب علموں کو کے این ڈی کے اہلکاروں نے پانی میں غرق ہونے سے بچا لیا ۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق کل شام یہ واقعہ پیش آیا جس میں بینگلورو سے سیاحت کے لئے آئی ہوئی چھ سات طالب علموں پر مشتمل ٹیم مرونتے کے سمندر میں موجوں سے کھیلنے کے لئے اتری تھی ۔ ان میں سے دو طالب علم جب غرقاب ہونے لگے تو نشانت کھاروی اور دیگر مقامی لوگوں نے مل کر ان دونوں نوجوانوں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔
    
گنگولی پی ایس آئی پون نائیک، کوسٹل سیکیوریٹی کے اے ایس آئی منجو ناتھ اور دیگر عملہ نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔  


Share: