ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں مناسب نمائندگی ملنی چاہیے: ڈی کے شیوکمار

خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں مناسب نمائندگی ملنی چاہیے: ڈی کے شیوکمار

Sun, 15 Nov 2026 17:48:22    S O News

بنگلورو ، 15/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ خواتین کو پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں مناسب سیاسی نمائندگی ملنی چاہیے۔ خواتین کے لیے ریزرویشن بل کو لوک سبھا میں منظوری ملنا ابھی باقی ہے اور انہیں امید ہے کہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اس سلسلے میں پیش رفت ہوگی۔

وہ ہفتہ کے روز ودھان سودھا کی سیڑھیوں پر 17 اور 18 نومبر کو بنگلورو میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز (CWP) کی ہندوستانی علاقائی کانفرنس کے لوگو کی رسمِ رونمائی کے بعد خطاب کررہے تھے۔

ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے پنچایتوں سے لے کر ضلعی سطح کے انتظامی اداروں تک خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے لیے قانون متعارف کرایا تھا۔ ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں خواتین کی سیاسی نمائندگی میں اضافے کی حامی ہیں۔

انہوں نے ریاستی انتظامیہ میں خواتین کی اہم عہدوں پر موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے گورنر، چیف سکریٹری، اسمبلی سکریٹری، کونسل سکریٹری اور ڈپٹی چیئرپرسن جیسے اہم عہدوں پر خواتین فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی خودمختاری سے پورا خاندان اور سماج مضبوط ہوتا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ 17 اور 18 نومبر کو بنگلورو میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز کی پہلی آزاد ہندوستانی علاقائی کانفرنس کے انعقاد میں کرناٹک حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈبلیو پی ہندوستانی خطے کی صدر ڈی پورندیشوری کی قیادت میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس ریاست کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگی۔

ان کے مطابق کانفرنس میں ملک اور بیرونِ ملک سے تقریباً 150 سے زائد خواتین ارکانِ پارلیمنٹ، ارکانِ اسمبلی اور اسپیکرس شرکت کریں گے، جہاں ملک کی ترقی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال اور رہنمائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی اسپیکر جی ایس پاٹل اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد کے توسط سے ریاستی حکومت کانفرنس کی کامیابی کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

ڈی کے شیوکمار نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کی بنیاد رکھنے والے ان کے نظریات کے تحت یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ انہوں نے ملک کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ سچیتا کرپلانی، سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی خدمات اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شخصیات اس بات کی مثال ہیں کہ خواتین عزم و حوصلے کے ساتھ ہر میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکتی ہیں۔


Share: