ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان سمیت دیگر ممالک کو امریکی فوجی امداد پر بھٹکل کے داماد عبدال السید کی سخت تنقید

پاکستان سمیت دیگر ممالک کو امریکی فوجی امداد پر بھٹکل کے داماد عبدال السید کی سخت تنقید

Mon, 09 Nov 2026 16:11:03    S O News
پاکستان  سمیت دیگر ممالک کو امریکی فوجی امداد پر بھٹکل کے داماد عبدال السید کی سخت تنقید

بھٹکل9/نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل سے گہرا خاندانی تعلق رکھنے والے اور امریکہ کے نومنتخب پہلے مسلمان سینیٹر ڈاکٹر عبدال السید نے پاکستان، مصر، اردن، سعودی عرب اور اسرائیل سمیت مختلف ممالک کو امریکی فوجی امداد فراہم کرنے کی پالیسی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ امریکی ٹیکس دہندگان کی رقم دوسرے ممالک کی افواج کی مالی اعانت کے لیے کیوں استعمال کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رقم امریکہ کے اندر صحت، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی بہتری پر خرچ ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکی فوجی امداد حاصل کرنے والے تمام ممالک کے معاملے میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے یکساں اصول اپنائے جائیں، خواہ ان ممالک کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کتنے ہی قریبی کیوں نہ ہوں۔

42 سالہ عبدال السید، بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر طیب ایس جوکاکو کے داماد اور معروف سیاسی رہنما و سابق ڈپٹی وزیر برائے فینانس جے ایچ شمس الدین جوکاکو کی پوتی ڈاکٹر سارہ جوکاکو کے شوہر ہیں۔ ڈاکٹر طیب 1980 کی دہائی میں امریکہ منتقل ہوگئے تھے۔ اس طرح عبدال السید کا رشتہ نہ صرف بھٹکل بلکہ ہندوستان سے بھی جڑا ہوا ہے۔ وہ سینیٹر منتخب ہونے سے قبل دو مرتبہ بھٹکل کا دورہ کرچکے ہیں اور جنوبی ہندوستانی خاندان میں اپنی شادی پر فخر کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔ ،

امریکی نشریاتی ادارے ABC News کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدال السید نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کے معاملے میں امریکی حکومت کو اپنے طرزِ عمل کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ صرف اسرائیل تک محدود نہیں بلکہ مصر، جہاں سے ان کا خاندان امریکہ منتقل ہوا، پاکستان اور اردن سمیت دیگر ممالک پر بھی یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک امریکی مالی امداد استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کی امداد پر نظرثانی کرنا پہلا قدم ہونا چاہیے۔

عبدال السید نے اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے NPR کو انتخابی کامیابی کے بعد دیے گئے انٹرویو میں بھی پاکستان سمیت متعدد ممالک کو امریکی فوجی امداد فراہم کرنے پر اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل، مصر، سعودی عرب، اردن یا پاکستان، کسی بھی ملک کی فوج کو امریکی ٹیکس دہندگان کی رقم سے مالی اعانت فراہم کرنا درست نہیں۔ ان کے بقول امریکی عوام مزید جنگیں اور غیر ملکی حکومتوں کے لیے بم اور ہتھیار نہیں چاہتے بلکہ انہیں بہتر طبی سہولتوں، بچوں کی نگہداشت، معیاری اسکولوں اور فعال بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ بیرون ملک فوجی امداد پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالر امریکہ کے اندر عوامی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد اور ہتھیاروں کی فروخت پر بھی تنقید کی ہے۔ عبدال السید نے ایسے امریکی ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی حمایت کی ہے جن کے بارے میں ان کا موقف ہے کہ وہ غزہ میں نسل کشی اور نسلی امتیاز جیسے اقدامات میں استعمال ہوتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینیوں اور اسرائیلی یہودیوں دونوں کے لیے مساوی حقوق، امن، وقار اور حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر جواب دہی سے تحفظ نہیں دیا جانا چاہیے۔

یاد رہے کہ عبدال السید نے 3 نومبر کو ہونے والے امریکی سینیٹ انتخابات میں ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر مشی گن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان بن گئے ہیں۔ وہ جنوری 2027 میں اپنی سینیٹ کی نشست سنبھالیں گے۔

Click here for report in English 


Share: