بنگلورو ،15 / نومبر( ایس او نیوز) صارفین کے تنازعات کا ازالہ کرنے والے ’کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن‘ نے سدرن ریلوے اور ریلوے بورڈ پر اس بات کے لئے جرمانہ عائد کیا ہے کہ انہوں نے کاروار اور منگلورو سینٹرل کے درمیان چلنے والی ایک عام مسافر ٹرین کا نام محض ’ایکسپریس اسپیشل‘ رکھ دیا، جبکہ اس کی رفتار، اسٹاپس یا شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس کے باوجود مسافروں سے ’ایکسپریس‘ ٹرین کا کرایہ وصول کیا گیا ۔
کمیشن نے ریلوے کو حکم دیا کہ وہ ایک مسافر کو مجموعی طور پر 5,330 روپے ہرجانہ ادا کرے، جس سے عام کرایہ 65 روپے کے بجائے 125 روپے وصول کیے گئے تھے ۔ یہ اہم فیصلہ صدر پی گنیش رام اور اراکین آر رامولا اور این لکشمنن پر مشتمل ایک بینچ نے سنایا ۔
شکایت کنندہ نے کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے 2024 میں کاروار سے منگلورو سینٹرل تک اسی مسافر ٹرین میں تین بار سفر کیا ۔ ہر بار اس سے عام کرایہ 65 روپے کے بجائے ’ایکسپریس‘ کرایہ یعنی 125 روپے وصول کیا گیا ۔
کنزیومر کمیشن نے 17 ستمبر کے اپنے حکم نامے میں سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "فریقِ مخالف (کمرشل کلرک اور سدرن ریلوے) کا اس ٹرین کو ’ایکسپریس اسپیشل‘ کے نام سے چلانا اور شکایت کنندہ سے 65 روپے کے بجائے 125 روپے وصول کرنا،جبکہ عام مسافر ٹرین کے اسٹاپس، رفتار، اوقات، خصوصیات اور روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہو تو یہ’خدمات میں واضح کوتاہی‘ اور ’غیر منصفانہ تجارتی عمل‘ کے زمرے میں آتا ہے ۔"
شکایت کنندہ جو اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے خود پیش ہوا تھا، اس نے وضاحت کی کہ کووڈ-19 کی وبا سے پہلے یہ ٹرین ایک عام مسافر ٹرین کے طور پر چلتی تھی، لیکن کووڈ کے بعد اس کا نام بدل کر ’ایکسپریس اسپیشل‘ رکھ دیا گیا ۔ جب اس نے اپریل 2024 میں کاروار سے منگلورو سینٹرل تک اکیلے سفر کیا، تو ڈیوٹی پر موجود کمرشل کلرک نے اسے 65 روپے کے بجائے 125 روپے کا ٹکٹ جاری کیا۔
پھر مئی 2024 میں جب اس نے اپنی اہلیہ، بیٹے اور بیٹی کے ساتھ اسی ٹرین میں سفر کیا، تو تین بالغوں اور ایک بچے کے لیے ’ایکسپریس‘ کرائے کے طور پر 440 روپے وصول کیے گئے ۔ اگست 2024 میں جب اس نے اکیلے سفر کیا تو اس سے اس وقت بھی 125 روپے وصول کیے گئے ۔ ہر بار اسٹیشن ماسٹر سے زائد کرائے کے بارے میں شکایت کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔
سماعت کے دوران اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے محکمہ ریلوے نے دلیل دی کہ یہ ٹرین جو کووڈ سے پہلے ایک عام مسافر ٹرین تھی، بعد میں اسے 'اسپیشل ٹرین' میں تبدیل کر دیا گیا اور کرائے بھی اسی کے مطابق مقرر کیے گئے ۔ محکمہ کا موقف تھا کہ ریلوے بورڈ کو کسی بھی پاسنجر ٹرین کو 'اسپیشل ٹرین' قرار دینے کا اختیار حاصل ہے؛ یہ ایک انتظامی اور پالیسی فیصلہ ہے جس پر سوال اٹھانے کا شکایت کنندہ کو کوئی حق نہیں ہے۔
ریلوے کے ان دلائل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کنزیومر کمیشن نے واضح کیا کہ کسی ٹرین کا نام محض 'ایکسپریس اسپیشل' رکھ دینے سے ریلوے کو یہ حق نہیں مل جاتا کہ وہ 'ایکسپریس' درجے کے کرائے وصول کرے ۔ کمیشن نے نشاندہی کی کہ "جب مسافروں سے ایکسپریس کرائے وصول کیے جا رہے ہوں، تو انہیں 'اسپیشل ایکسپریس' ٹرین والی سہولیات اور خصوصیات بھی فراہم کی جانی چاہئیں ۔"
یہ بات اجاگر کرتے ہوئے کہ حکومتِ ہند نے 31 مارچ 2022 کو کووڈ-19 کی تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کر دی تھیں، کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ ژونل ریلوے عام طور پر خاص مواقع پر مسافروں کے اضافی رش کو سنبھالنے کے لیے 'اسپیشل ٹرینیں' چلاتی ہے ۔ لیکن کونکن کے علاقے میں کوئی بھی تہوار یا خاص موقع مسلسل دو سال سے زیادہ عرصے تک نہیں چلتا ۔ لہذا اس ٹرین کو دو سال سے زائد عرصے تک 'اسپیشل ٹرین' کے طور پر چلانا کسی بھی طرح جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا ۔ کمیشن نے نتیجہ اخذ کیا کہ ٹرین کی رفتار، اوقات، اسٹاپس یا دیگر سہولیات میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کیے بغیر دو سال سے زائد عرصے تک 'ایکسپریس' کرایہ وصول کرنا غلط تھا۔
کمیشن نے ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ وہ شکایت کنندہ اور ان کے اہل خانہ سے وصول کی گئی 330 روپے کی اضافی رقم واپس کریں ۔ اس کے علاوہ سدرن ریلوے اور ریلوے بورڈ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر خدمات میں کوتاہی اور غیر منصفانہ تجارتی عمل (unfair trade practice) کے لیے 3,000 روپے ہرجانہ ادا کریں اور شکایت کنندہ کو پہنچنے والی ذہنی اذیت کے لیے 2,000 روپے ادا کریں ۔ اس طرح کل ہرجانے کی رقم 5,330 روپے کی جائے۔