ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی سطح پر اتر کنڑا میں ریکارڈ ہوئی سب سے زیادہ بارش

ریاستی سطح پر اتر کنڑا میں ریکارڈ ہوئی سب سے زیادہ بارش

Sat, 26 Jul 2025 16:54:47    S O News

کاروار،  26 / جولائی (ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع کے ساحلی علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سے جاری موسلا دھار برسات کی وجہ سے کئی مقامات پر سیلابی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔ باغات ، کھیتوں اور گھروں کے اندر پانی گھسنے کے ساتھ عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ 
    
خاص بات یہ ہے کہ امسال تقریباً دو مہینے قبل شروع ہونے والا مانسون کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ اس برسات نے اتر کنڑا کے گیارہ سے میں سے پانچ ساحلی تعلقہ جات کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے ۔ کمٹہ اور انکولہ تعلقہ میں 120 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ اس وجہ سے شراوتی، اگناشینی، گنگاولی اور گونڈلبال جیسی ندیاں خطرے کے نشان کو چھو رہی ہیں اور ندی کنارے بسنے والے لوگوں کے لئے سیلابی پانی کی آفت درپیش ہے ۔
    
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا کے مطابق ہوناور کے بھاسکر کیری، کولکّی، کیلاگینورو کے علاوہ کمٹہ کے ہریجن کیری، کیلگن کیری، کونلّی، ہیرے کٹّو جیسے گاوں اور دیہاتوں میں سڑکوں، باغات اور گھروں کے اندر پانی بھر گیا ہے ۔ کمٹہ کے پانی میں ڈوبے ہوئے بعض علاقوں سے کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے کی خبر ہے ۔ کمٹہ کے مختلف علاقوں سے 62 افراد کو راحت مراکز میں منتقل کیا گیا ہے ، جبکہ ہوناور کے بھاسکر کیری سے 10 خاندانوں کو راحت مراکز میں منتقل کیا گیا ہے ۔ دیگر علاقوں سے جملہ 136 افراد کو دس مختلف راحت مراکز میں پہنچایا گیا ہے ۔
    
موسلا دھار بارش اور خراب موسم کی وجہ سے سنیچر اور اتوار کے لئے اتر کنڑا کے پانچ اور ملناڈ کے دو اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں کو تعطیل دی گئی ہے ۔ 
    
بارش کی پیمائش کرنے والے مراکز کی اطلاع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے اندر ہوناور میں 124 ملی میٹر، بھٹکل میں 146 ملی میٹر، سداپور 108 ملی میٹر، سرسی 120 ملی میٹر، کمٹہ 103 ملی میٹر اضافی بارش ہوئی ہے ۔ سداپور ریاستی ہائی وے 48 پر سڑک کھسک گئی ہے ۔ بعض جگہوں پر 40 تا 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں ۔ بعض ساحلوں پر سمندری کٹاو بھی دیکھنے میں آیا ہے ۔ 
    
اہم ندیوں میں پانی کی سطح کی بڑھنے کے علاوہ آبی ذخیروں میں پانی خطرے کے نشان کے قریب پہنچنے کی وجہ سے ڈیم کے دروازے کھول کر اضافی پانی چھوڑنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں ۔ اس ضمن نے کرناٹکا پاور کارپوریشن نے پہلا الرٹ جاری کرتے ہوئے شراوتی ندی کنارے بسنے والوں کو آگاہ کیا ہے کہ  1819.00  فٹ پانی کی گنجائش والے گیروسوپّا آبی ذخیرے میں اس وقت پانی کی سطح 1806.80 کو چھو گئی ہے ۔ اس وجہ سے ڈیم کے اندر بہنے والے پانی کی مقدار 60 ہزار کیوسیکس سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اگر اسی طرح برسات جاری رہی تو کسی بھی وقت ڈیم سے پانی باہر چھوڑنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے ۔ 


Share: