اتر کنڑا ڈی سی نے کہا : ایک مہینے میں حل ہوگا جنگلاتی زمین اتی کرم مسئلہ
کاروار 11 / اکتوبر (ایس او نیوز) سرسی کے بنواسی میں منعقدہ جنتا درشن پروگرام کے دوران اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر نے کہا کہ بنواسی سمیت ضلع کے دیگر مقامات پر جنگلاتی زمین اتی کرم کا جو مسئلہ ہے اسے اگلے ایک مہینے کے اندر حل کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ریوینیو علاقے سے متعلق اس اہم ترین مسئلے کو حل کرنے کے سلسلے میں حکومت کو رپورٹ بھیجی گئی ہے اگلے ایک مہینے میں اس کا مناسب حل نکلے گا ۔ محکمہ ریوینیو اور محکمہ جنگلات کے افسران کی جانب سےاس مسئلے کے حقائق کا مشترکہ جائزہ لینے کے بعد جنگلاتی زمین پر رہائش پزیر افراد اور کھیتی باڑی کرنے والوں کو زمین حقوق دئے جائیں گے ۔
جنتا درشن پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے ایم ایل اے شیو رام ہیبار نے سرسی علاقے میں التوا میں پڑے ہوئے ترقیاتی کام، آب پاشی، بجلی کی سربراہی جیسے کئی اہم عوامی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔
سڑکوں کی تعمیر، محکمہ ریوینیو سے متعلقہ مسائل، پینے کے پانی کا مسئلہ جیسے متعدد مسائل کے بارے میں عوام کی طرف سے 165 شکایتیں ڈپٹی کمشنر کے جنتا درشن پروگرام میں پیش کی گئیں ۔ ان تمام شکایتوں کو IPGRS پورٹل پر اپلوڈ کیا گیا ہے ۔ ان شکایات پر جو بھی کارروائی ہوگی اس کے بارے میں براہ راست شکایت کنندہ کو آگاہ کیا جائے گا ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پرکاش راجپوت، اسسٹنٹ کمشنر دیوراج آر، جئے لکشمی رائے کوڈ، بنواسی گرام پنچایت صدر بی بی عائشہ، سرسی ڈی سی ایف اجئے کے علاوہ ضلع اور تعلقہ کے دیگر محکمہ جاتی افسران موجود تھے ۔ سرسی کے تحصیلدار شریدھر مندلمنی نے حاضرین کا استقبال کیا ۔