بھٹکل میں اقلیتی ہوسٹل میں گھس کر طلبہ پر حملے کے بعد ڈسٹرکٹ آفسر کا ہوسٹل دورہ؛ تین طلبہ معطل؛ وارڈن کو جاری کی گئی نوٹس؛ دو گرفتار

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 8th January 2024, 1:12 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 8 / جنوری (ایس او نیوز) 31ڈسمبر کودیر رات نیو ائیرکے موقع پر ساگرروڈ پر واقع اقلیتی ہوسٹل میں گھس کر بعض لوگوں کی طرف سے طلبا پر حملہ کرنے کی واردات کے بعد ڈسٹرکٹ میناریٹی آفسر ایف یو پوجار نے بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئے ہوسٹل پہنچ کر طلبہ سے بات چیت کی اور واقعے کے تعلق سے معلومات حاصل کرتے ہوئے طلبہ کی ہمت بندھائی کہ آگے ہوسٹل پر اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے مناسب بندوبست کیا جائے گا اور طلبہ کو ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ  ہوسٹل میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنے کے  تعلق سے پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے اور پولس نے دولوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

واقعے کی تفصیلات بیان  کرتے  ہوئے  پوجار نے  بتایا  کہ 31 / دسمبر کی رات کو 11.30 سے 11.50 بجے کے دوران ہمارے ہوسٹل کو قفل لگائے جانے کے بعد بھی وارڈن کو اطلاع دئے بغیر ہوسٹل میں مقیم تین طلبا باہر نکل گئے تھے ۔  ہوسٹل کے باہر شراب کے نشے میں دھت تین افراد کی ایک ٹولی سے ان طالب علموں کا جھگڑا ہوگیا ۔ نشے میں چور باہر کے لوگوں نے ہوسٹل تک طلبہ کا پیچھا کیا اوران پرحملہ کیا بعد میں ان کے مزید ساتھی بھی ہوسٹل میں گھس گئے اور طالب علموں پر حملہ کرنے کے علاوہ ہوسٹل میں  توڑ پھوڑ مچائی ۔ 

انہوں نے بتایا کہ حملے کی خبر ملتے ہی محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے تعلقہ آفیسر نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دے دی ۔ جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی اور طالب علموں پر حملہ کرنے کے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ اسی کے ساتھ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت رات کے وقت ہوسٹل سے باہر جانے والے تین طالب علموں کو بھی ہوسٹل سے معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف ضابطہ کے مطابق کارروائی کی گئی۔

یہ پوچھے جانے پر کہ وارڈن کی موجودگی میں تین طلبہ ہوسٹل سے باہر کیسے گئے تھے، انہوں نے واضح کیا کہ اس تعلق سے ہوسٹل کے وارڈن کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اس قسم کے معاملات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، رات کے اوقات میں ہوسٹل  کے اطراف پولس کو گشت کرنے کی درخواست کی جائے گی، اسی طرح فل نائٹ ایک واچ مین کو رکھے جانے کا بھی منصوبہ ہے جو پوری رات جاگ کر پہرہ دے گا۔

بھٹکل میں ہوسٹل میں ہوئے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کاروار میں اُتر کنڑا ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر نے بتایا کہ ضلع کے تمام سرکاری ہوسٹلوں میں انجان لوگوں کے داخلے پر پوری طرح روک لگانے کے لئے ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہوسٹلوں میں انجان لوگوں کے داخل ہونے کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہے ۔ اس معاملے کو دھیان میں رکھتے ہوئے ضلع کے تمام ہوسٹلوں کے وارڈنس کو چوکسی برتنے کی ہدایت جاری کرنے کے لئے محکمہ اقلیتی فلاح وبہبود کے افسران کو آگاہ کیا گیا ہے۔

ہوسٹل میں ہوئے واقعے کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے بھٹکل تعلقہ کے اقلیتی فلاح و بہبود کے آفسر جناب شمس الدین نے بتایا کہ واقعے کے تعلق سے انہوں نے محکمہ کے اعلی افسران کو پوری رپورٹ روانہ کی ہے، انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد بینگلور سے اقلیتی کمیشن چیرمین کے دفترسے بھی کال موصول ہوا تھا اور واقعے کی تفصیلات پوچھی گئی تھی، اُنہیں بھی رپورٹ روانہ کی گئی ہے۔ جناب شمس الدین صاحب نے بتایا کہ بھٹکل ساگر روڈ، نزد کانوینٹ اسکول ، لڑکوں کے ہوسٹل میں13 غیرمسلم  سمیت ۵۰ لڑکے ہیں، جبکہ لڑکیوں کے ہوسٹل میں چھ غیر مسلم سمیت 44 لڑکیاں ہیں۔    پوسٹ میٹرک میناریٹی ہوسٹل  میں صرف کالجس میں پڑھنے والے بچوں کو قیام و طعام کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں بھٹکل سے کم ازکم پانچ کلومیٹر دور مرڈیشور، منکی، ولکی، روشن محلہ، ہوناور و دور دراز کے بچے جو بھٹکل کی کالجس میں تعلیم حاصل کرتے ہوں، ہوسٹل کی سہولت کا فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہوسٹل میں رہنے والے  مسلم بچوں کو نماز کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر ایک طالب علم سمیت دو جاں بحق؛ ساگر سمر کیمپ کے طلبہ پکنک کے لئے پہنچے تھے بھٹکل

سیاحت کے لئے مشہور مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر دو نوجوان جاں بحق ہوگئے جس میں ایک کی شناخت  مولوی اسماعیل ابن  مرحوم مولانا اقبال برماور  (22) کی حیثیت سے کی گئی ہے، البتہ دوسرے نوجوان کا نام معلوم نہیں ہوسکا۔ واردات اتوار شام قریب پانچ  بجے پیش آئی۔

لوک سبھا انتخابات کے لئے اُترکنڑا ضلعی انتظامیہ تیار؛ 7/مئی کو ہوگی ووٹنگ ؛ 16.41 لاکھ ووٹرس: 1977 پولنگ بوتھس: 6939 عملہ

لوک سبھا  انتخابات-2024 جو اُترکنڑا میں 7/مئی کو ہوں گے،   آزاد، صاف و شفاف اور پرامن  انتخابات کے لئے ضلعی انتظامیہ نے   تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔کاروار ڈی سی آفس میں   اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر اورانتخابی ریٹرننگ افسر گنگوبائی مانکر نے  بتایا ...

کمٹہ میں کانگریس کا پرجا دھونی ۔2 اجلاس - سدا رامیا نے کہا : مودی ایک اچھے ڈرامہ باز ایوینٹ منیجر 

کانگریس پارٹی کی طرف سے منکی میدان میں منعقدہ پرجا دھونی ۔۲ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریستی وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے براہ راست وزیر اعظم پر فقرہ کستے ہوئے کہا کہ مودی ایک بہت اچھے ڈرامے باز اور ایوینٹ منیجر ہیں ۔ 

آئین کو بچانے کے لیے اس اہم الیکشن میں حصہ لیں اور پورے اعتماد کے ساتھ کانگریس کو ووٹ دیں - بھٹکل میں کانگریس جنرل سکریٹری کا بیان

ملک میں ہو رہی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے یہ الیکشن آئین کو بچانے کے لیے سب سے اہم الیکشن ہے، ایسے میں ملک کے تمام لوگوں کے لئے ضروری ہیں کہ وہ  کانگریس کے حق میں  ووٹ دیں اور دستور کو بچانے کے لئے کانگریس کو مضبوط کریں۔ یہ بات کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور ...